پاکستان کا اسکاٹ لینڈ کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف

پاکستان کا اسکاٹ لینڈ کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف

Farhan Adil
June 13, 2018

پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں اسکاٹ لینڈ کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف دیا ہے، شعیب ملک 49 اور فخر زمان 33 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔

ایڈنبرا میں کھیلے جارہے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مقررہ اوورز میں گرین شرٹس 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بناسکے۔

فخر زمان اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 60 رنز کا آغاز فراہم کیا، دونوں نے بالترتیب 33 اور 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حسین طلعت 17، سرفراز احمد 14، آصف علی صفر اور شاداب خان 17 رنز اسکور کرسکے۔

تجربہ کار بلے باز شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 49 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل لیسک نے 3، کرس سول نے 2 اور مارک واٹ نے ایک شکار کیا۔

پاکستان ٹیم پہلے میچ میں 48 رنز سے کامیابی حاصل کرچکی ہے، سرفراز احمد 86 رنز کی شاندار اننگز پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے، شعیب ملک نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تھی۔