پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے شکست دیدی

Farhan Adil
June 12, 2018

پاکستان نے پہلے ٹی 20 میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 48 رنز سے شکست دیدی، میزبان ٹیم 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 6 وکٹ پر 156 رنز بناسکی۔

ایڈنبرگ میں کھیلے گئے 2 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں پر 204 رنز بنائے، سرفراز احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 89 رنز بنائے۔

جواب میں اسکاٹ لینڈ کے اوپنرز نے 5 اوورز میں 53 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، تاہم اس کے بعد وقتاً فوقتاً وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 156 رنز بناسکی۔

جورج مونسے 25، کائل کوئٹزر 31، رچی بیرنگٹن 3، کیلم میکولیوڈ 12، ڈائلن بوج 24 اور میتھیو کروس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، مائیکل لیسک 38 اور صفیان شریف 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

مزید جانیے :  ٹی 20 : پاکستان کا اسکاٹ لینڈ کو جیت کیلئے 205 رنز کا ہدف

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور حسن علی نے 2، 2 جبکہ محمد عامر اور محمد نواز نے ایک ایک شکار کیا، سرفراز احمد کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔