ٹی 20 : پاکستان کا اسکاٹ لینڈ کو جیت کیلئے 205 رنز کا ہدف

Farhan Adil
June 12, 2018

پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو پہلے ٹی 20 میچ میں جیت کیلئے 205 رنز کا ہدف دیا ہے، سرفراز اور شعیب ملک نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی 20 میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، تجربہ کار بلے باز شعیب ملک نے بھی 5 چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔

فخر زمان 21، احمد شہزاد 14 اور حسین طلعت 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد آصف ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے الاس ڈائر ایوانز نے 4 اوورز میں صرف 23  رنز کے بدلے 3 وکٹیں حاصل کی، رچی بیرنگٹن نے ایک شکار کیا، صفیان شریف 43، مارک واٹ 42 اور حمزہ طاہر 57 رنز کی پٹائی کے باوجود کوئی وکٹ نہ لے سکے۔