پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ کیلئے انگلش اسکواڈ کا اعلان

May 16, 2018

لندن : انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے رواں ماہ پاکستان کیخلاف شیڈول پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا، معین علی اور جیمز ونس کو ڈراپ کردیا گیا، جوز بٹلر 18 ماہ بعد ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بن گئے۔

انگلش بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کی 18 ماہ بعد دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، انہوں نے آخری مرتبہ دسمبر 2016ء میں ملک کی طرف سے ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جبکہ معین علی اور جیمز ونس کو ڈراپ کر دیا گیا۔

آف اسپنر ڈومینک بیس پہلی بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے، انہیں جیک لیچ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، لیچ انجری کے باعث گرین شرٹس کیخلاف شیڈول سیریز سے دستبردار ہوگئے تھے۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے مطابق اوپننگ بیٹسمین مارک اسٹونمین جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان 2 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 24 مئی سے شروع ہوگا۔

ایڈسمتھ نے بطور نیشنل سلیکٹر پہلی مرتبہ اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بٹلر ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ انہیں دوبارہ 5 روزہ کرکٹ میں موقع دیا جانا چاہئے۔

انگلش ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ کپتان جو روٹ، مارک اسٹونمین، ڈیوڈ ملان، ایلسٹر کک، جونی بیئراسٹو، بین اسٹوکس، جوز بٹلر، کرس ووکس، اسٹورٹ براڈ، مارک ووڈ، جیمز اینڈرسن اور ڈومینک بیس۔