اسٹریٹ چلڈرن فٹبال فائنل: پاکستان کو ازبکستان کے ہاتھوں شکست

May 16, 2018

اسٹریٹ چلڈرن فٹبال کے فائنل میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا، ازبکستان نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

روس میں کھیلے جانے والے اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان ہار گیا، ٹائٹل کی جنگ میں ازبکستان نے کامیابی حاصل کرلی، مقابلے کا فیصلہ پنالٹیز پر ہوا۔

پاکستان اور ازبکستان کے درمیان اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ فائنل مقررہ وقت تک ایک ایک گول سے برابر رہا، پنالٹیز پر ازبکستان نے پاکستانی ٹیم کو 5 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی۔

روس میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ناقابل شکست رہتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائی تھی، سیمی فائنل میں گرین شرٹس نے انڈونیشیا کو شکست دی تھی۔

گروپ میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ہونے والا میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا، جس کے بعد میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا، جس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔

اس سے قبل پاکستان نے اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ 2014ء میں بھی تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔