تاریخی ٹیسٹ میچ : پاکستان نے آئر لینڈ کو شکست دیدی

May 15, 2018

پاکستان نے ٹیسٹ ڈیبیو کرنیوالی یورپی ٹیم آئر لینڈ کو تاریخی ٹیسٹ میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی، امام الحق اور بابر اعظم نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

ڈبلن میں کھیلے گئے تاریخی ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے میزبان آئر لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی، 160 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

آئر لینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 339 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، کیون اوبرائن نے شاندار سنچری اور اسٹورٹ تھامپسن نے نصف سنچری اسکور کی تھی۔

ٹیسٹ ڈیبیو ٹیم کے آل راؤنڈر کیون اوبرائن کو شاندار سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید جانیے : آئرلینڈکاپاکستان کوٹیسٹ میچ جیتنےکےلیے160رنزکاہدف

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا، صرف 14 کے مجموعے پر 3 بلے باز اظہر علی 2، حارث سہیل 7 اور اسد شفیق ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔

امام الحق اور بابر اعظم نے ٹیم کو سہارا دیا، دونوں نے 126 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، اوپنر نے 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ مڈل آرڈر بلے باز 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان ٹیم نے 310 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، آئر لینڈ پہلی اننگز میں 130 رنز پر ڈھیر ہوگیا، فالو آن کے نتیجے میں دوسری اننگز میں میزبان ٹیم نے 339 رنز بنائے تھے، پاکستان کو جیت کیلئے 160 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستانی قائد سرفراز احمد کہتے ہیں کہ امام الحق اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی، انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے تیار ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے، انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے متبادل کھلاڑیوں کیلئے ناموں پر غور کیا جارہا ہے، پی سی بی ذرائع کے مطابق ان کی ابتدائی فٹنس رپورٹ حوصلہ افزاء نہیں، وہاب ریاض، میر حمزہ اور وقاص مقصود کو عامر کی جگہ انگلینڈ بھیجا جاسکتا ہے۔