وقاریونس کے خوبصورت پیغام پربیگم کوغصہ کیوں آیا؟

February 11, 2018

کامیاب شادی شدہ زندگی بلاشبہ ایک نعمت ہوتی ہے کیونکہ ایسے افراد جواپنے نجی معاملات میں خوش و خرم ہوں وہ کاروباری اور دیگر امور بھی بخوبی نمٹاتے ہیں۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ ہر مرد کی کامیابی کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ کہیں وہ عورت ماں ہو سکتی ہے اور کہیں نصف بہتر۔

سابق قومی کرکٹر اور ہیڈ کوچ وقار یونس کا شمار بھی ان خوش نصیب افراد میں ہوتا ہے جنہیں زندگی کی شاہراہ پر سمجھدارہمسفر کا ساتھ نصیب ہوا۔ ان کی اہلیہ ڈاکٹر ہیں اور آسٹریلیا میں پریکٹس کرتی ہیں۔

شادی کی اٹھارہویں سالگرہ پر وقار نےاپنے تئیں تو بیگم کو خوش کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ایک تصویر نے معاملہ بگاڑدیا۔ اہلیہ ڈاکٹر فریال کے نام ٹوئٹر پیغام میں وقار یونس نے لکھا کہ ’’ گزرے برسوں میں نے بہت سے معاہدوں اورتجاویز پردستخط کیے لیکن 18 سال پہلے میں نے اپنی زندگی کے سب سے خوبصورت معاہدے پر دستخط کیے تھے جو کہ ابھی بھی مجھے منافع سمیت ادائیگی کررہا ہے۔

وقار نے ان گزرے برسوں میں ہر اچھے برے وقت میں ساتھ نبھانے پر فریال کا شکریہ ادا کیا اور شادی کی سالگرہ کی مبارکباد دی۔

پیغام تو واقعی بہت خوبصورت تھا لیکن جو تصویر وقار نے منتخب کی وہ بیگم کو کچھ خاص نہ بھائی۔ ڈاکٹر فریال نے جوابی ٹویٹ میں وقار کو شادی کی سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ایموجیزسے مصنوعی غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آپ اس سے بہتر تصویر کا استعمال بھی کرسکتے تھے۔

ڈاکٹر فریال نے خوبصورت کیک کی تصویربھی شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے بہت سے سال ساتھ گزاریں۔

 

Email This Post
 
 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.