Saturday, January 22, 2022  | 18 Jamadilakhir, 1443

آسٹریلین اوپن میں اپ سیٹ

SAMAA | - Posted: Feb 6, 2018 | Last Updated: 4 years ago
SAMAA |
Posted: Feb 6, 2018 | Last Updated: 4 years ago

ٹینس کےہیرو بن گئے زیرو۔۔ ٹاپ اسٹارز کے لئے نئے سال کا آغاز کچھ اچھا نہیں ہوا۔۔سال کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں سیڈڈ کھلاڑی ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ سربیا کے سابق عالمی نمبر ون اور بارہ مرتبہ گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والے نواک جوکووچ پری کوارٹر فائنل میں جنوبی کوریا کے غیر معروف کھلاڑی اور عالمی رینکنگ میں انتیس درجہ پر فائز چینگ ہیون سےمات کھا گئے ۔

ابھی شائقین ٹینس جوکووچ کی شکست کے صدمے سے باہر بھی نہیں نکلے تھے کہ عالمی نمبر ون اسپین کے رافیل نڈال کی کوارٹر فائنل میں کروشیا کے مارین چلیچ کے ہاتھوں شکست کی خبر مداحوں پر بجلی بن کر گری۔اس شکست کے ساتھ ہی سولہ گرینڈ سلم جیتنے والے رافیل نڈال کاایک سال میں دو بار چاروں گرینڈ سلم ایونٹس جیتنے کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا۔

آسٹریلین اوپن میں سیڈڈ پلئیرز کی شکست کے باوجود گرینڈ سلم کا ٹائٹل فیورٹ کے ہی ہاتھ آیا۔ ایونٹ کے فائنل میں عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نےکروشیا کے میرین کلچ کو ہراکراپنے کیریئر کا بیسواں گرینڈ سلام جیت لیا۔ راجر فیڈرر نے چھٹی بار آسٹریلین اوپن ٹائیٹل اپنے نام کیا ہے۔ راجر فیڈرر آٹھ مرتبہ ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ بھی اپنے نام کرچکے ہیں ۔۔ سوئس ٹینس اسٹار پانچ مرتبہ یو ایس اوپن اور ایک مرتبہ فرنچ اوپن کے بھی فاتح رہے ہیں چھتیس سالہ فیڈرر آسٹریلین اوپن میں فتح کے ساتھ چوتھے ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنھوں نے بیس گرینڈ سلام ٹائیٹل جیتے ہیں۔ مارگریٹ کورٹ، سرینا ولیمز، اور سٹیفی گراف نے بیس بیس گرینڈ سلام ٹائیٹل اپنے نام کر رکھے ہیں۔۔

آسٹریلین اوپن میں خواتین کیٹگری میں بھی سیڈڈ کھلاڑیوں کو اپ سیٹ شکست ہوئی۔ ایونٹ کے پہلے ہی راونڈ میں عالمی نمبر پانچ امریکا کی وینس ولیمنز سوئٹزرلینڈ کی غیر معروف کھلاڑی کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگئیں۔ سات مرتبہ گرینڈ سلم جیتنے والی وینس ولیمنز ، سرینا ولیمنز کی بہن ہیں۔ ایونٹ کے تیسرے راونڈ میں روس کی ماریہ شراپوا کا جرمنی کی انجلیک کیربر کے ہاتھوں قصہ تمام ہوا۔ پانچ گرینڈ سلم جیتنے والی روسی حسینہ کا ستارہ ایسا گردش میں ہےکہ عالمی رینکنگ میں اکیس نمبر پرموجود جرمن کھلاڑی سے ہار گئیں۔

ایونٹ میں خواتین کیٹگری کا فائنل بھی فیورٹ کے درمیان ہی ہوا۔ ڈنمارک سے تعلق رکھنے والی عالمی نمبر دو کیرولین ووزنیاکی نے رومانیہ کی عالمی نمبر ایک سیمیونا ہیلپ کو تین سیٹس کے سخت مقابلے کے بعد شکست دے کراپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم جیت کر ہلچل مچادی۔

ایونٹ میں ٹینس کے افق پرچمکتے ستاروں کی شکست سے بھی آسٹریلین اوپن کی چمک ذرا بھی ماند نہیں پڑی ۔ شائقین کا جوش وخروش اب بھی عروج پر ہے،دیکھنا یہ ہے پرجوش شائقین سال دوہزار اٹھارہ میں نئے ٹینس اسٹارکومزید ابھرتا دیکھیں گے یا پرانے سپراسٹارز اپنی چمک برقراررکھیں گے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube