انڈر 19 ورلڈ کپ؛ افغانستان کی پاکستان کو افتتاحی میچ میں اپ سیٹ شکست

January 13, 2018

ویلنگٹن:آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہوگیا، افغانستان نے پاکستان کو افتتاحی میچ میں 5 وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا، فاتح ٹیم نے 189 رنز کا ہدف 48ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، درویش رسولی نے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، روحیل نذیر کی 81 رنز کی اننگز رائیگاں گئی۔


ہفتے کو نیوزی لینڈ میں انڈر 19 ورلڈ کپ کا آغاز ہو گیا، ابتدائی میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان حسن خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا گرین شرٹس پہلے کھیلتے ہوئے 47.4 اوورز میں 188 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔

روحیل نذیر کے سوا پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، نذیر 81 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، محمد زید صفر، احمد عالم ایک، علی زریاب آصف 30، محمد طحہ 17، سعدخان 6، حسن خان 13، محمد موسی صفر، شاہین شاہ آفریدی ایک اور ارشد اقبال 10 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ عظمت اللہ اور قیاس احمد نے 3، 3 نوین الحق نے2 ظہیرخان اور نثار نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں افغانستان انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48ویں اوور کی تیسری گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا، درویش رسولی نے ڈٹ کر گرین شرٹس کے باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ عظمت اللہ 12 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، رحمت اللہ 31، ابراہیم 3، اکرام 46، باہر شاہ ایک اور نثار 19 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، حسن خان نے 2 جبکہ شاہین شاہ اور محمد طحہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ اے پی پی