یونس اور مصباح کو مزید کھلانا چاہئے، لیجنڈ کرکٹر کی خواہش

By: Samaa Web Desk
May 19, 2017

کراچی : لیجنڈ کرکٹر جاوید میانداد نے یونس اور مصباح کو مزید کرکٹ کھلانے کیلئے نکل پڑے، کہتے ہیں دونوں فٹ ہیں ان کی خدمات سے مزید فائدہ اٹھانا چاہئے، فی الحال دونوں کا کوئی متبادل کھلاڑی موجود نہیں، کرکٹ کے بڑوں کا کرکٹ سے کوئی تعلق نہیں، سابق کرکٹرز کو ان کے شہروں کی ایسو سی ایشنز کا سربراہ بنانا چاہئے۔

سماء سوشل میڈیا پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ 20 کروڑ کی آبادی میں بہت ٹیلنٹ ہیں، ہمارے ہاں لوگ گلیوں سے کرکٹ کھیلنے آتے ہیں، ان کی بہتر تربیت اور گرومنگ کی ضرورت ہے، پاکستان میں ہر سطح پر سفارشی کرکٹ ہے، اسی لئے اصل ٹیلنٹ اوپر نہیں آتا، ہمیں اپنے سسٹم کو بہتر کرنا ہوگا،  کرکٹ صرف لاہور اور پنجاب میں ہورہی ہے، چاروں صوبوں میں کرکٹ ہوگی تو ہرطرف سے ٹیلنٹ نکل کر آئے گا، لڑکوں کی تربیت ہی نہیں ہورہی۔

وہ بولے کہ آج جو لوگ کرکٹ چلا رہے ہیں انہیں کرکٹ کا پتہ ہی نہیں، ہم ملک کے ساتھ مخلص نہیں ہیں، ریجنز اور ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشنز میں موجود بڑوں کا کرکٹ سے تعلق ہی نہیں ہے، ہر شہر سے کھیلنے والے سینئر کرکٹرز کو ان کے اپنے شہروں کی ایسوسی ایشن کا صدر بنانا چاہئے، شیخوپورہ سے عاقب جاوید اور ملتان میں انضمام الحق سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے، اسی طرح راولپنڈی، کراچی اور لاہور کے سابق کرکٹرز کے ذریعے لڑکوں کی تربیت اور نیا ٹیلنٹ ڈھونڈا جاسکتا ہے۔

جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ایسے کرکٹرز ہی نہیں جو فوری طور پر کسی کی جگہ لے سکیں، ہمیشہ یہی کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق کو مزید وقت دینا چاہئے، ان کی خدمات سے پاکستان کو فائدہ اٹھانا چاہئے، جب تک فٹ ہیں دونوں کو کرکٹ کھیلنی چاہئے، نچلے لیول سے ٹیلنٹ اوپر آئے گا تو سینئر کی جگہ لے گا۔ سماء

Email This Post
 
 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.