جاوید میانداد کی قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات، کرکٹرز کو مشورے

May 19, 2017

کراچی : جاوید میانداد نے چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کردیا، عظیم کرکٹر نے کھلاڑیوں کو مفید مشورے بھی دے ڈالے۔

سماء کے سوشل میڈیا پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عظیم کرکٹر نے قومی ٹیم کو مفید مشورے بھی دیئے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کیلئے میری اور پوری قوم کی نیک خواہشات ہیں، دنیا بھر میں تمام پاکستانی اور مسلمان ٹورنامنٹ میں آپ کی حمایت کریں گے۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ لڑکوں سے یہی کہوں گا کہ مثبت کرکٹ کھیلیں، اپنے سینئر کرکٹرز کو ذہن میں رکھ کر گراؤنڈ میں اتریں، آج کے دور میں کرکٹ آسان بھی ہے اور مشکل بھی، یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کیسی کرکٹ چاہتے ہیں، کرکٹ صرف قسمت کا کھیل نہیں اس میں اسٹریٹیجی کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

سابق کپتان بولے کہ کھلاڑیوں کی ذہنی اور جسمانی تربیت کے ساتھ ساتھ تعلیم کی بھی ضرورت ہے، کھلاڑیوں کو کرکٹ کی اے بی سی ڈی نہیں پڑھائی جارہی، اس کے باوجود لڑکے محنت کرکے اس مقام تک پہنچتے ہیں، ہمارے کھلاڑیوں کو کھیل کا پریشر لینے کیلئے خود کو مضبوط کرنا ہوگا، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے کھلاڑی ابتداء سے مضبوط ہوتے ہیں۔ سماء

  Email This Post

 
 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.