ریو اولمپکس گیمز،پاکستان کا 5 ریسلرز کو بھیجنے کا فیصلہ

April 22, 2016

000_Del6337225-622x480

اسلام آباد: پاکستان ریسلنگ فیڈریشن (پی ڈبلیو ایف) نے رواں برس برازیل میں شیڈول ریو اولمپکس گیمز کے سلسلے میں اپنے پانچ بہترین ریسلرز کو بیک ٹو بیک کوالیفائنگ ایونٹس میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اولمپکس گیمز اگست میں برازیل میں منعقد ہوں گے۔

پی ڈبلیو ایف کے سیکرٹری ارشد ستار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم نے پانچ ریسلرز کو دو کوالیفائنگ ایونٹس میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، امید ہے کہ ایک دو ریسلرز میگا گیمز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلا ورلڈ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ جمعہ سے منگولیا میں شروع ہو گیا ہے جس میں سے ہر کیٹگری کے ٹاپ تھری ریسلرز اولمپکس گیمز میں جگہ بنا لیں گے، منگولیا میں شیڈول ایونٹ میں کامن ویلتھ گولڈ میڈلسٹ محمدانعام 86 کلو گرام ویٹ کیٹگری میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جو کہ ایونٹ میں شرکت کیلئے وہاں پہنچ چکے ہیں۔

منگولیا کے بعد دوسرا اور آخری کوالیفائنگ ٹورنامنٹ 6 سے 8 مئی تک ترکی میں منعقد ہوگا جس میں محمد بلال، قمرعباس، اسدبٹ اور زمان انور ملک کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انعام منگولیا ایونٹ میں ٹاپ تھری میں آتے ہیں تو یہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہو گی لیکن اگر وہ ناکام ہوئے تو وہ بھی ترکی میں شیڈول ایونٹ میں قومی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

 انہوں نے کہا کہ واحد ریسلنگ ایونٹ ہے جس میں پاکستان اولمپکس گیمز میں جگہ بنا سکتا ہے، ہمارے ریسلرز میں پوٹینشل موجود ہے تاہم انہیں خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، ہم نے فنڈز کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ سے رابطہ کیا تاہم انہوں نے انکار کر دیا۔ سماء/اے پی پی