ہوم   > Latest

وینا ملک کی ٹویٹس پر ثانیہ مرزا کا نامناسب جواب

6 months ago

ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شعیب ملک اور دیگر کی شیشہ کیفے میں بنائی جانے والی ويڈيو پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔اداکارہ وینا ملک نے بھی اسی حوالے سے ٹویٹ کی تو ثانیہ مرزا نے جواب میں وینا کو ان کا ماضی یاد دلاتے ہوئے کڑا ردعمل دے ڈالا۔ ثانیہ مرزا نے بعد ازاں اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کردی لیکن وینا ملک نے اسکرین شاٹ شیئر کر کے انہیں باور کرایا کہ ٹیکنالوجی کے دور میں چھپتا کچھ بھی نہیں۔

روایتی حریف کے خلاف اہم ترین میچ سے چند گھنٹے قبل شعیب ملک ، وہاب ریاض اور امام الحق سمیت دیگر ایک شیشہ کیفے میں موجود تھے، پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے مانچسٹر پہنچنے والی ثانیہ مرزا بھی ہمراہ تھیں جنہوں نے تنقید کے بعد سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو بنانے کو پرائیویسی کے خلاف قرار دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ہمارے ساتھ بچہ بھی تھا ، پھر بھی یہ ویڈیو بغیر اجازت بنائی گئی۔ میچ ہاربھی جائیں تو لوگوں کو کھانا کھانے کی اجازت ہوتی ہے، اگلی بار کچھ بہتر کرنے کی کوشش کرنا۔

پاکستانی اداکارہ وینا ملک نے اسی حوالے سے اپنی ٹویٹ میں شعیب اور ثانیہ کے بیٹے اذہان مرزا ملک کو شیشہ کیفے لے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ثانیہ سے کہا کہ بطور والدہ انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، جس پر بھارتی ٹینس اسٹار نے وینا کے ماضی کے حوالے سے نامناسب ٹویٹ کرڈالی۔

پاک بھارت میچ سے قبل شعیب ملک ودیگر کھلاڑیوں کی ویڈیو وائرل

وينا ملک نے ثانيہ مرزا کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے حقیقتا بچے کی بہت فکر ہو رہی ہے، تم لوگ اسے شیشہ کیفے لے گئے تو کیا ایسا کرنا خطرناک نہیں؟ ۔ جنک فوڈ کھلاڑیوں کیلئے مناسب نہیں ہوتا، ایک ماں اور بحیثیت ایک کھلاڑی کے تمہیں یہ علم ہونا چاہیے۔

جواب میں ثانیہ مرزا نے لکھا کہ ’’وینا، میں اپنے بیٹے کو شیشہ کیفے لے کر نہیں گئی، اس لیے نہیں یہ آپ کا یہ کسی بھی اور کے فکر کرنے کا معاملہ ہے ۔ اس لیے کہ میں کسی دوسرے سے زیادہ خود اپنے بچے کی پرواہ کرتی ہوں۔ دوسری بات یہ کہ میں پاکستان کرکٹ ٹيم کي ڈائيٹيشن نہيں، نہ ہی ان کی ماں یا استاد ہوں جو یہ جان سکوں کہ وہ کب جاگتے ہیں اور کیا کھاتے ہیں۔

اسی ٹویٹ میں ثانیہ نے وینا ملک کے ماضی میں شوبز میں کیے جانے والے چند فوٹو شوٹس کے حوالے سے ان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اگر میں آپ کی جگہ ہوتی تو زیادہ فکر آپ کے بچوں کی ہوتی کہ وہ آپ کے میگزین کور کے فوٹو شوٹ کو دیکھتے جو کہ باوقار نہیں تھا۔ آپ کو پتہ ہے یہ بہت خطرناک ہوسکتا ہے۔ لیکن پھر بھی بہت بہت شکریہ کہ آپ کو فکر ہو رہی ہے، میرے لیے یہ بہت معنی رکھتا ہے‘‘۔

بعد ازاں غالبا ثانیہ کو ان کے الفاظ کی بدصورتی کا احساس ہوا اور انہوں نے ٹویٹ ڈیلیٹ کرکے میگزین کور والی بات ڈیلیٹ کردی، لیکن وینا ملک انہیں بخشنے کے موڈ میں نہیں، انہوں نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کچھ ہمت کرو اور اپنی ٹویٹس ڈیلیٹ مت کرو، ٹیکنالوجی اتنی زیادہ ایڈوانس ہو چکی ہے کہ لوگ اپنے کیے گئے کاموں سے منکر نہیں ہو سکتے۔

وینا نے واضح کیا کہ میگزین کور پر شائع ہونے والی تصاویر میں کمپیوٹر کے ذریعے شکل تبدیل کی گئی تھی۔ میں بھی وہ تمام متنازع معاملات سامنے لاسکتی ہوں جن میں تم ملوث رہیں لیکن میں بحث کا موضوع تبدیل نہیں کروں گی۔

ثانیہ مرزا نے وینا ملک کو ٹوئٹر پر بلاک کردیا جس پراداکارہ نے اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے اپنے تحفظات بہت مہذب طریقے سے ظاہرکیے تھے۔ ایک اور ٹویٹ میں ثانیہ مرزا پر واضح کیا کہ اپنا اصلی رنگ دکھانے کا بہت شکریہ۔

وینا نے چند اور ٹویٹس میں واضح کیا کہ 5 سال سے میرا فلم انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں،3 بار خانہ کعبہ کے سامنے معافی مانگ چکی ہوں ۔ میگزین کے کور پر آنے والی تصاویرجعلی تھیں، لوگوں کو لگتا ہے کہ ماضی یاد دلا کر وہ مجھے زیر کرلیں گے لیکن ایسا نہیں ہے۔ میں بہت دل شکستہ ہوں، ماضی بھلا کرآگے بڑھیں۔

دوسری جانب ثانیہ نے اس سارے معاملے سے لطف اندوز ہوتے لکھا کہ ٹوئٹر کی وجہ سے میں قہقہے لگا رہی ہوں، اپنی فرسٹریشن باہر نکالنے کیلئے آپ لوگوں کو اب کسی دوسرے میڈیم کی ضرورت ہے۔ پرامن رہیں، اب وقفہ لینے کا وقت ہے۔

 

ٹوئٹر صارفین میں سے بیشتر نے ثانیہ کا ردعمل غلط قرار دیتے ہوئے وینا ملک کودرست قرار دیا۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں
 
 
 
 
 
 
 
 
مقبول خبریں