ماؤں کے عالمی دن پر مریم نواز کی دل کو چھو جانے والی ٹویٹ

May 12, 2019

ماں وہ ہستی ہے جس کا نام لیتے ہی رگ رگ میں محبت کی لہر دوڑ جاتی ہے، کامیاب لوگ عزت اور شہرت کو ماں کی دعاؤں کا ہی ثمر قرار دیتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ماؤں کے عالمی دن کی  مناسبت سے اپنی مرحومہ والدہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز نے لکھا ’’بھلا ماں کا بھی کوئی دن ہوتا ہے؟ ماں کے بغیر تو کوئی دن، دن نہیں ہوتا‘‘۔

ماں سے محبت کے اس اظہار پر مخالفین نے بھی اپنے پیغامات میں دعائیہ کلمات کہے۔

یاد رہے کہ اٹھائیس جولائی 2017 کو سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس میں نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد کلثوم نواز نے اپنے شوہر کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست لاہور کے حلقہ این اے 120 کی نشست سے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات جمع کرائے مگر گلے کا سرطان تشخیص ہونے پرعلاج کی غرض سے لندن چلی گئیں۔

نواز شریف کے ہر اچھے برے وقت کی ساتھی، بیگم کلثوم نواز

کلثوم نواز کی غیرموجودگی میں ان کی انتخابی مہم مریم نواز نے چلائی اور بیگم کلثوم نواز جیت کر ایم این اے منتخب ہوئیں لیکن علالت کے باعث وہ حلف نہ اٹھا سکیں۔

کلثوم نواز کا انتقال 11 ستمبر 2018 کو لندن میں ہی ہوا جہاں سے ان کی میت پاکستان لائی گئی، وہ جاتی امراء میں مدفون ہیں۔