ہوم   > Latest

پہلے میں عارف علوی کو دانت دکھاتا تھا ، اب یہ مجھے دانت دکھاتے ہیں

6 months ago

سیاسی اکھاڑے میں مخالفین ایک دوسرے کے سب سے بڑے حریف سہی، لیکن نجی زندگی کے حوالے سے بات کی جائے تو دوستانہ مراسم بھی رکھتے ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے بیٹے نے والد کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ صدر مملکت عارف علوی سے متعلق دلچسپ قصہ سنا رہے ہیں۔

حیدرخاقان عباسی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی اور کیپشن دیا ’’ جب شاہد خاقان عباسی دانتوں کے ڈاکٹر کے پاس گئے‘‘۔

یاد رہے صدر عارف علوی معروف ڈینٹسٹ ہیں، اس حوالے سے  نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک شاہد خاقان عباسی نے یادوں کی پٹاری سے قصہ بیان کیا جب وہ دانت ٹوٹنے پرعارف علوی کے پاس گئے۔

عارف علوی کی تعریفوں کے پل باندھتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ عارف علوی صاحب میرے ڈینٹسٹ رہ چکے ہیں اور یقین کریں وہ بہت اچھے تھے ۔ وہ ناراض نہ ہوں تو بتاؤں کہ انہوں نے مجھے زندگی کا بہترین مشورہ دیا تھا۔ 20 سال قبل دانت ٹوٹنے پر ان کے پاس گیا توانہوں  نے کہا کہ اگرکوئی تکلیف نہیں تو پھر اسے ایسے ہی رہنے دیں، میں آپ کا علاج نہیں کروں گا کیونکہ قدرت جو چیز عطا کرتی ہے وہ بہترین ہوتی ہے۔ اس دانت کو بچانے کیلئے 2 اور دانت ضائع کرنے پڑیں گے

شاہد خاقان عباسی نے اس مشورے کو بہترین گردانتے ہوئے کہا کہ 20 سال گزر گئے لیکن مجھے آج تک دانتوں کی تکلیف نہیں ہوئی۔ عارف علوی بلا شبہ پاکستان کے بہترین ڈینسٹ ہیں اور امید ہے کہ بہترین صدر بھی ثابت ہوں گے۔

میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ اگر اب آپ عارف علوی کے پاس جائیں تو وہ کیا کہیں گے؟ جس پر ایک اور دلچسپ یاد تازہ کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی بولے کہ ایک ٹی وی پروگرام میں ہم ساتھ بیٹھے تھے اور عارف علوی خاصے غصے میں تھے جس پر میں نے میزبان کو کہا کہ ’’پہلے میں عارف علوی کو دانت دکھایا کرتا تھا، اب یہ مجھے دانت دکھا رہے ہیں‘‘۔

سابق وزیراعظم کے بیٹے کی ٹویٹ پر صارفین نے اچھا ردعمل دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کی حس مزاح کو بہترین قرار دیا۔

ایک ٹویٹ میں حیدر خاقان عباسی نے  یہ بھی واضح کیا کہ سنجیدگی سے بتائیں تو وہ اپنے ایک دو ڈینٹسٹ دوستوں  کو غصہ دلانے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ اس حوالے سے ان کا  تجربہ 90 فیصد تک بہت برا رہا ہے لیکن سب سے آخر میں جس ڈاکٹر کے پاس گئے اس نے بغیر کسی درد کے علاج کیا۔

 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.

 
متعلقہ خبریں