شادی کی سالگرہ پرشاداب خان کاثانیہ اورشعیب کو مشورہ

Samaa Web Desk
April 13, 2018

مشہور و معروف جوڑی شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے گزشتہ روز اپنی شادی کی آٹھویں سالگرہ منائی۔بارہ اپریل سال 2010 میں زندگی کی نئی شاہراہ پر قدم رکھنے والے پاکستان کے ہردلعزیز آل راؤنڈراور بھارتی ٹینس کوئین کو ان کے مداحوں سمیت ساتھی کھلاڑیوں اور ان کی بیگمات نے بھی دلچسپ انداز میں مبارکباد دی لیکن سب سے دلچسپ پیغام کے ساتھ لیگ اسپنر شاداب خان چھا گئے۔

شاداب نے اپنی اور شعیب ملک کی گراؤنڈ میں لی گئی ایک پرانی تصویر شیئر کر کے جوڑی کو شادی کی سالگرہ وش کی اور لکھا کہ بھابھی بائیک پر میری جگہ آپ کو ہونا چاہیے تھا۔

ثانیہ مرزا بھی کم نہیں، ترنت جوابی فائر کھول کر کہا کہ شاداب، لیکن تمہیں میری جگہ لینے کی بہت جلد تھی۔

بیگم کا ساتھ دینے کو شعیب بھی بیچ میں کودے اور شاداب کو لکھا کہ تھینک یو شادی، جب بچوں کے پاس بائیک ہو لیکن لائسنس نہ ہو تو یہ سب کرنا پڑتا ہے۔

حسن علی نے دونوں کو اپنی پسندید جوڑی قرار دیتے ہوئے وش کیا تو ثانیہ نے انہیں بتایا کہ تم بھی ہمارے سب سے زیادہ پسندیدہ ہو۔ جلد ہی ناشتے،لنچ اور ڈنر میں مزید نینڈوز کھائیں گے۔

بھارتی اداکارہ نیہا دھوپیا نے بھی دونوں کو مبارکباد دی۔

اس کے علاوہ وقار یونس، اظہرمحمود اور محمد عامر کی بیگمات نے بھی اپنی نیک خواہشات پہنچائیں ۔ ثانیہ نے سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وقار یونس کیلئے ہائے کہا اور عامر کی بیگم نرجس کو بتایا کہ ثانیہ خالہ ان کی بیٹی منساسے بہت پیارکرتی ہیں۔