خبریں باہر نہ جائیں، پی آئی اے کا انوکھا اقدام

Samaa Web Desk
January 13, 2018

لاہور : قومی ایئر لائنز عملے کے کارنامے میڈیا اور عوام تک نہ پہنچنے پائیں، پی آئی اے انتظامیہ متحرک ہوگئی، عملے پر سوشل میڈٰیا کے استعمال پر پابندی لگا دی۔

افغان جلیبی پر پائلٹ کا ڈانس اپ لوڈ ہوگا نہ کاک پٹ کا خیرسگالی سفر کرنے والی غیرملکی خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر نظر آئے گی، کیونکہ پی آئی اے عملے پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگ گئی ہے۔

جنرل منیجر پی آئی اے کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہےکہ کمپنی کے آفیشل اور نان آفیشل واٹس ایپ گروپس سے خطرناک خبریں پھیلائی گئیں، جس سے ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے، اس لئے عملے کو موجودہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔

نئی پابندی کے بعد عملے کے ارکان نے اگر واٹس ایپ ٹویٹر فیس بک یا دیگر سماجی رابطہ ویب سائٹس کا استعمال نہ چھوڑا تو سخت سزا بھی ملے گی، اس سے پہلے سوشل میڈیا پر ہی جہاز میں چوہوں کی میراتھون اور کھانے میں کاکروچ کی فوٹیج بھی مںظر عام پر آئی تھیں۔ سماء