ہانیہ عامرنے معافی مانگ لی

November 10, 2017

معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے دوران پرواز بغیر اجازت مسافر کی وڈیو بنانے کے معاملے پر معافی مانگ لی۔ کہتی ہیں میرامقصد کسی کو ہراساں کرنا نہیں تھا۔

فلم ’’نامعلوم افراد 2‘‘ سے شہرت پانے والی اداکارہ ہانیہ عامر کی گزشتہ روزمنظرعام پرآنے والی سنیپ چیٹ ویڈیو میں دیکھا گیا تھاکہ مسافر بیچارا انکے کیمرا فریم سے نکلنے کی کوششیں کرتا رہااور ہانیہ عامر اس پورے عمل سے محظوظ ہوتی رہیں۔

فلم اسٹار نے جہاز کی پچھلی سیٹ پر بیٹھے مسافر کی تصویر بنانے کی کوشش کی اورجزبزہوتا مسافر کیمرے کی رینج سے بچتا رہا جس کی کوشش تھی کہ وہ فریم میں نظرنہ آئے۔

مسافر کی پریشانی سے لطف اندوز ہونے والی ہانیہ پر اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر خاصی تنقید کی گئی۔ کڑی تنقید کے بعد ہانیہ نے اپنے اس عمل پر معافی مانگ لی ہے۔ ایکسپریس ٹریبیون نے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں سے معافی مانگنا چاہتی ہوں جنہیں ویڈیو دیکھ کرتکلیف پہنچی، میرا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھا۔ میں نے خود اس ویڈیو کو دوبارہ دیکھا تو مجھے تکلیف ہوئی اور عجیب سا لگا کہ یہ سب کچھ بہت غلط طریقے سے سامنےآیا۔

ہانیہ نے کہا کہ صارفین نے اپنے ردعمل میں یہ بھی کہا کہ جہاز میں بیٹھے شخص کو ہراساں کرنے کے لیے میں نے اپنی شہرت کا استعمال کیا لیکن میں نے کبھی خود کو ایک اسٹار نہیں سمجھا۔میرا مقصداس شخص کو ہراساں کرنا نہیں تھا ۔میں جانتی ہوں کہ جب لوگ آپ کے بارے میں تبصرے کررہے ہوتے ہیں تو کیسا محسوس ہوتا ہے۔ کسی کی نجی زندگی میں مداخلت کرنے کی کوشش نہیں کررہی تھی بلکہ جب میں نے ویڈیو اپ لوڈ کی اور اسے دوبارہ دیکھا تو اسی وقت ڈیلیٹ کردی تھی۔

اداکارہ کے مطابق میری وجہ شہرت مزاحیہ ویڈیوز بھی ہیں، یہ ویڈیوبنانے کا مقصد بھی یہی تھا،میں دکھانا چاہتی تھی کہ ایسی صورتحال میں دولوگوں کے چہرے کے اتارچڑھاؤ کیسے ہوتے ہیں تاہم میں اس عمل کے لیے معافی مانگتی ہوں۔ سماء

Email This Post
 
 

آپ کے تبصرے

Your email address will not be published.