Tuesday, November 30, 2021  | 24 Rabiulakhir, 1443

کراچی: حساس ادارے کے 2 جعلی افسران گرفتار

SAMAA | - Posted: Nov 25, 2021 | Last Updated: 5 days ago
SAMAA |
Posted: Nov 25, 2021 | Last Updated: 5 days ago

کراچی کے مختلف علاقوں سے خود کو حساس ادارے (آئی ایس آئی) کے اہلکار ظاہر کرکے جعلسازی کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق کیماڑی میں کارروائی کرتے ہوئے حساس اداروں کے نام  پر جعلسازی کرنے والا انتہائی مطلوب ملزم گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے حساس ادارے کا میجر ظاہر کرکے درجنوں شہریوں کولوٹا تھا، گرفتار عاقب شاہد سرکاری ادارے کا برطرف اہلکار ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ جعلی میجر نے خود کو حساس ادارے کا افسر ظاہر کرکے اہم لوگوں سے ملاقاتیں کیں، ملزم کیخلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں، گرفتار ملزم عاقب نے مختلف لڑکیوں کو شادی کا جھانسہ بھی دے رکھا۔

پولیس کے مطابق ملزم پہلے بھی خود کو میجر ظاہر کرنے کے جرم میں گرفتار ہوچکا ہے، عاقب کی تلاش کافی عرصے سے جاری تھی، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب پریڈی پولیس نے بھی آئی ایس آئی کے ایک جعلی افسر کو صدر کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق پریڈی پولیس کی ایک موبائل نے گشت کے دوران شاہراہ لیاقت صدر میں واقع یوٹیلٹی اسٹور کے قریب ایک مشتبہ شخص کو روکا، جس نے اپنی شناخت اعجاز علی بابر ولد سومار علی بابر کے نام سے کرائی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص نے پولیس کو آئی ایس آئی کا کارڈ دکھایا، جس کے مطابق وہ جاسوسی ادارے کا افسر تھا، جس پر پولیس نے موقع سے ہی حساس ادارے کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کرکے مشتبہ شخص کی تفصیلات انہیں فراہم کیں، جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ آئی ایس آئی میں اس عہدے پر اس نام کا کوئی افسر موجود نہیں۔

پولیس نے مشتبہ شخص کی تلاشی لی تو اس کے والٹ سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی تصاویر برآمد ہوئیں۔

پولیس نے حساس ادارے کے جعلی افسر کیخلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 170، 171 اور 140 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube