Friday, December 3, 2021  | 27 Rabiulakhir, 1443

الیکشن کمیشن پر الزامات، فواد چوہدری کی طلبی کا نوٹس جاری

SAMAA | - Posted: Oct 24, 2021 | Last Updated: 1 month ago
Posted: Oct 24, 2021 | Last Updated: 1 month ago

فائل فوٹو

الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر الزامات پر وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کی طلبی کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق فواد چوہدری کو 27 اکتوبر کو خود یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ 27 اکتوبر کو ہونے والی نوٹس کی سماعت پر توہین عدالت آرڈیننس کے تحت الزامات کا جواب طلب کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے 6 ہفتوں کی مہلت مانگ رکھی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے 16 ستمبر کو جاری نوٹسز میں وزرا سے ادارے اور اس کے سربراہ یعنی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف لگائے گئے الزامات کی حمایت میں ثبوت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے کے فیصلے اور اس پر اپوزیشن کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کے اعتراضات کے بعد سامنے آنے والا تنازع اس وقت طول پکڑ گیا تھا جب 10 ستمبر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکشن (ترمیمی) ایکٹ 2021 میں مجوزہ ترامیم پر تبادلہ خیال کے دوران اعظم سواتی نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی میں ملوث رہا ہے اور ایسے اداروں کو آگ لگا دینی چاہیے۔

اسی دن شام میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر ‘اپوزیشن کے آلہ کار’ کے طور پر کام کرنا چاہتے ہیں لیکن اگر انہیں سیاست کرنی ہے تو الیکشن کمیشن چھوڑ کر الیکشن لڑیں۔

انہوں نے الزام لگایا تھا کہ الیکشن کمیشن، اپوزیشن کے ہیڈکوارٹرز میں تبدیل ہوگیا ہے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن پر عائد کیے گئے الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزرا فواد چوہدری اور اعظم سواتی کو نوٹسز جاری کر دیئے تھے۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعظم سواتی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی سے متعلق بہت سی باتیں صیغہ راز میں ہیں لیکن انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کے تقرر پر حکومت کو ‘کڑوی گولی’ کھانی پڑی تاکہ آئینی ادارے کی ساکھ کو بحال رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کو تباہی سے بچانا ہوگا، کیا الیکشن کمیشن بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کے ووٹ کے حق سے محروم رکھنا چاہتا ہے؟۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube