Monday, December 6, 2021  | 30 Rabiulakhir, 1443

وزیر خارجہ اور لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کابل پہنچ گئے

SAMAA | - Posted: Oct 21, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Oct 21, 2021 | Last Updated: 2 months ago

کابل ایئرپورٹ پر شاہ محمود اور امیر محمد متقی

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور لیفٹننٹ جنرل فیض حمید اعلیٰ وفد کے ہمراہ افغان دارالحکومت پہنچ گئے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ افغانستان میں طالبان کی حکومت بننے کے بعد یہ وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ہے۔

افغانستان کے عبوری وزیرِ خارجہ امیر خان متقی، کابل میں پاکستانی سفیر منصور احمد خان اور دیگر حکام نے شاہ محمود قریشی اور وفد کا استقبال کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن آخوند سے ملاقات کریں گے۔ ایک روزہ دورے کے دوران وہ دیگر طالبان قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ دورے کے دوران تجارت، سرحدی نقل و حرکت اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ

اس حوالے سے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک روزہ دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے بات چیت اور کابل میں عبوری حکومت کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔

بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ وہ دیگر افغان رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت پاکستان اور افغانستان کے باہمی تعلقات کے تمام شعبوں کا احاطہ کرے گی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے طریقوں اور ذرائع پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔

دورے میں جنرل فیض حمید (جنہیں کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا ہے) بھی وفد کے ہمراہ کابل پہنچے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نگراں افغان ہم منصب امیر خان متقی سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، سیکریٹری کامرس صالح احمد فاروقی، چیئرمین پی آئی اے ارشد ملک، چیئرمین نادرا طارق ملک، کسٹم، ایف بی آر اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی وزیر خارجہ شاہ محمود کے ہمراہ ہیں۔

تجزیہ کار

تجزیہ کاروں کے مطابق وزیر خارجہ کا دورہ مختصر مگر معنیٰ خیز ہوگا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے دورہ افغانستان میں طالبان حکومت کی اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں دو طرفہ امور، امدادی سامان کی ترسیل، افغان سرزمین کا پاکستان دشمن عناصر کے استعمال سے روکنے پر زور دیا جائے گا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی دورہ افغانستان طالبان قیادت کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کسی بھی ملک کے افغانستان دورہ کرنے والے تیسرے وزیر خارجہ ہوں گے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube