Friday, December 3, 2021  | 27 Rabiulakhir, 1443

سندھ میں صوبائی حکومت انڈھڑگینگ کیخلاف سخت آپریشن کرےگی،ممتاز چانگ

SAMAA | - Posted: Oct 21, 2021 | Last Updated: 1 month ago
SAMAA |
Posted: Oct 21, 2021 | Last Updated: 1 month ago

کچے کے علاقوں ميں ڈکيت انڈھڑ گينگ کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی

رکن پنجاب اسمبلی ممتازچانگ نے بتایا ہے کہ سندھ حکومت نے ڈی آئی جی سکھر کو کچےکےعلاقے میں آپریشن کرنے کے لیے سخت ترين ہدايات جاری کردی ہیں۔

رکن پنجاب اسمبلی ممتاز چانگ نے بدھ  کو وزيراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں کچے کے علاقوں ميں ڈکيت انڈھڑ گينگ کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ممتاز چانگ نے بتایا کہ پنجاب حکومت اورآئی جی پنجاب سے رابطے کئے جائيں گے تا کہ ايسے دہشت گردوں کو کيفر کردار تک پہنچايا جائے۔ممتاز چانگ نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت نے ڈی آئی جی سکھر کو سخت ترين ہدايات جاری کردی ہیں۔

تصویر:سابقہ ڈی پی او رحیم یارخان اسد سرفراز

اس کےعلاوہ سماء سے گفتگو کرتے ہوئے ماہی چوک میں قتل ہونے والے افراد کے ورثاء نے پولیس پرالزام عائد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اندھڑ گینگ کو پولیس خود اس علاقے میں لائی کیونکہ ڈاکو اس علاقے سے بندے اغواء کرتے رہے اور پولیس ان کو ماہانہ بھتہ پہنچاتی رہی۔

رحیم یارخان:9افراد کا قتل،ممتازچانگ کو انڈھڑگينگ کیخلاف بات کرنےپردھمکياں

انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 20 روز قبل پولیس اور اندھڑ گینگ کے درمیان ایک معاہدہ ہوا جس میں ڈاکوؤں نے پولیس کے ہاتھوں تاوان وصول کرکے مغوی کو رہا کیا تھا۔پولیس علاقے میں امن کروانا چاہتی تھی جس کے بدلے میں اندھڑ گینگ کو یہاں پرلاکربٹھایا گیا۔ 50 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب اندھڑ گینگ کئی روز تک اسی علاقے میں موجود رہ کر بھتہ وصول کرتا رہا۔

ورثاء نے مطالبہ کیا کہ سابق پولیس افسران کو اس کیس میں شامل تفتیش کیا جائے اور وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب سمیت آرمی چیف سمیت اعلی حکام اس واقعے کا نوٹس لیں۔ قومی اسمبلی میں سندھ سے تعلق رکھنے والی رکن اسمبلی شازیہ مری نے بھی اندھڑ گینگ کے خلاف آوازبلند کی۔ ضلع راجن پور سے قومی اسمبلی کے رکن ریاض خان مزاری نے بھی اسمبلی میں اندھڑ گینگ کی کارروائیوں کا تذکرہ کیا۔

تصویر:۔ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ علی ضیاء

گذشتہ روز رحیم یار خان میں ڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ علی ضیاء نے بتایا تھا کہ انڈھڑ گينگ کے خلاف ٹارگٹڈ آپريشن شروع کرديا گيا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ گينگ کے خلاف اغوا،قتل اورڈکيتی کے54  مقدمات درج ہيں۔27  ممکنہ سہولت کاروں سے پوچھ گچھ مکمل کرلی گئی ہے اورعلاقے ميں اچھی ساکھ کےافسران کو تعينات کيا گیا ہے۔ ڈی پی او نے بتایا ہے کہ معطل افسران سے بھی تحقيقات کی جائيں گی۔

رحیم یار خان میں سوشل میڈیا پرانڈھڑ گینگ کے خلاف زبان کھولنےوالےافراد کو بھی مسلسل دھمکیاں دی جارہی ہیں۔مدعی مقدمہ کے دستبردار ہونے کے بعد نئے مقدمے کا اندراج تاحال نہیں ہوسکا ہے۔مدعی مقدمہ نے کہا ہے کہ قاتلوں کے خوف کی وجہ سے بیان حلفی دے کر کیس سے دستبردار ہوئےہیں۔

پچھلے ہفتے رکن پنجاب اسمبلی ممتاز چانگ نے بتایا تھا کہ انڈھڑ گينگ کے خلاف بات کرنے پر انھیں دھمکياں مل رہی ہيں۔رحیم یارخان میں ممتازچانگ نے انڈھڑ گينگ کے خلاف پریس کانفرنس کی تھی جس کے بعد انھیں اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں ملنا شروع ہوئیں۔ پوليس کا کہنا ہے کہ ممتازچانگ کو سيکيورٹی فراہم کردی گئی ہے۔ممتاز چانگ نے دو ٹوک کہا کہ ان دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپريشن کيا جائے۔ضلع ميں نئی پوليس سے پُراميد ہيں کہ وہ کارروائی کرے گی اورسابقہ نااہل پوليس افسران انجام کو پہنچیں گے۔

چھ روز قبل رحیم یار خان میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی ممتازچانگ نے پیش کش کی تھی کہ صادق آباد میں 9 افراد کے قتل ورثاء کاروباری اورشریف لوگ ہیں اور اس لیے کس سے علیحدہ ہوگئے ہیں لیکن میں مدعی بننے کو تیار ہوں۔

 ممتاز چانگ نے بتایا تھا کہ صادق آباد میں جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے قتل کئے گئے 9 افراد میں کوئی مدعی بننے کو تیار نہیں اور خوف کے باعث مظلوم مقتولین کے ورثاء کو ان کے سردار اور مقامی رکن صوبائی اسمبلی بھی چھوڑ گئے ہیں۔

 ممتاز چانگ نے کہا کہ شہر میں ایک ایس ایچ او جرائم پیشہ عناصر سے ملی بھگت کی وجہ سے برطرف ہوکربحال ہوگیا ہے۔عدالت اور ضلعی پولیس کو سیکیورٹی کے لئے دی گئی درخواست انڈھڑ گینگ کے پاس پہنچ گئی اور شرپسند گروہ نے اس درخواست کی دستاویز بمعہ دھمکی بھیجی ہے۔

رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ پولیس میں موجود کالی بھیڑیں جرائم پیشہ عناصر سے ملی ہوئی ہیں۔ سالانہ 10 کروڑ روپے ٹیکس دینے کے باوجود پنجاب پولیس سے تحفظ نہیں مل رہا اور مظلوموں کا ساتھ دینے کی وجہ سے انڈھڑ گینگ نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

اس سے قبل ایس پی انوسٹی گیشن ارسلان شاہزیب کی جگہ دوست محمد کو نیا ایس پی انوسٹی گیشن رحیم یار خان تعینات کردیا گیا۔

ماہی چوک واقعے کی سی سی ٹی وی:۔

دس اکتوبرکو صادق آباد میں ہونے والی  قتل کی واردات میں مسلح ڈاکوؤں نے پیٹرول پمپ پر دن کے وقت دھاوا بول دیا۔ فوٹیج میں 3 ڈاکو ہاتھوں میں اسلحہ لیے دیکھے جاسکتے ہیں جنھوں نے پہلے پمپ مالکان سے تکرار کی اور جس کے بعد فائرنگ کرکے ان تمام افراد کو قتل کردیا۔

انڈھڑ گینگ کے کارندوں کی فائرنگ سے ہر طرف بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچا کر بھاگتے رہے۔شرپسندوں نے مسجد سے نماز پڑھ  کرآنے والے افراد کوبھی گولیاں ماریں جبکہ راہ گیر بھی فائرنگ کی زد میں آئے۔

رحیم یارخان:9افراد کا قتل،ہڑتال کے بعد ڈی پی او اسد سرفراز تبدیل

فوٹیج میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ فائرنگ کے بعد پیڑول پمپ کے اطراف سناٹا چھاگیا اور ڈاکوبا آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مدعی خوف کا شکار

ابتدائی تفتیش کے مطابق  ابھی تک پولیس کی جانب سے کوئی گرفتاری سامنے نہیں آئی جبکہ جس شخص کی مدعیت میں اس واقعے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اس کو بھی ڈاکوؤں کی جانب سے دھمکیاں موصول ہونے پر اس نے کیس سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ۔عدم تحفظ کا شکار مقتولین کے ورثاء علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شخص نے بتایا تھا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں اور وہ اپنا کاروبار کرتے ہیں۔

ڈی پی او تبدیل

صادق آباد میں 9 افراد کے قتل کےبعد شہر بھر میں ہڑتال اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اورمظاہرین کے دباؤ پر ڈی پی او رحیم یار خان اسد سرفراز کو تبدیل کردیا گیا۔نئےڈی پی او کیپٹن ریٹائرڈ علی ضیاء کو چارج سنبھالنے کا حکم جاری کیا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب صادق آباد میں قتل ہونےوالے مقتولین کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیلئے جائے ماہی چوک پہنچے اور لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اس سانحہ پر محکمہ پولیس شرمسار ہےاور قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے تک پولیس چین سے نہیں بیٹھے گی۔ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب نے مقتولین کے ورثاء کو قاتلوں کے خلاف کاروائی کی یقین دہانی کروائی۔

صادق آباد:9افراد کا قتل،مدعی کا کیس سے دستبردار ہونےکافیصلہ

وزیراعلی پنجاب عثمان بزادر کے نوٹس کے بعد ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفراقبال اعوان نے متعلقہ ڈی ایس پی سرکل صادق آباد عباس اختر، ایس ایچ اوتھانہ کوٹ سبزل صفدر سندھو اور چوکی انچارج کو معطل کردیا۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube