Saturday, December 4, 2021  | 28 Rabiulakhir, 1443

فوج پرتنقیدکرنیوالوں کیساتھ دھوبی گھاٹ جیساسلوک ہوگا،شیخ رشید

SAMAA | - Posted: Oct 17, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Oct 17, 2021 | Last Updated: 2 months ago

عمران خان کہیں نہیں جا رہے

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دھوبی گھاٹ میں فوج اور ادارے کے سربراہ پر تنقید کرنے والوں کے ساتھ سیاست میں دھوبی گھاٹ والا ہی سلوک ہوگا۔ عمران خان 5 سال پورے کریں گے۔

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز فیصل آباد کے علاقے دھوبی گھاٹ میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں مریم نواز کی جانب سے کی گئی تنقید کے تناظر میں کہی۔

آئی ایس آئی

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ادارے کے سربراہ کا نام لینا مریم نواز کی کم عقلی ہے۔ فوج کو دھوبی گھاٹ چوک چوراہوں میں ڈسکس نہیں کرتے، بحیثیت سیاسی ورکر صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ فوج کو ایسے موچی دروازوں، سڑکوں چوراہوں اور دھوبی گھاٹ میں ڈسکس کریں گے تو پھر سیاست میں بھی آپ کے ساتھ دھوبی گھاٹ والا سلوک ہوگا۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا مقبرہ

گفتگو کے آغاز میں مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ڈاکٹر قدیر کی تدفین کے انتظامات فیصل مسجد میں کیے گئے تھے، تاہم ان کی بیٹی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر قدیر کی وصیت تھی کہ انہیں ایچ 8 قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے۔

شیخ رشید نے بتایا کہ ہم آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) کیساتھ ملکر کام کر رہے ہیں، سی ڈی اے کی منظوری کے بعد ایچ ایٹ قبرستان میں عبدالقدیر کا مقبرہ بنایا جائے گا۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان قومی ہیرو تھے، عمران خان صاحب کی ہدایت پر انہیں قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔

ڈالر

ڈالر کی بڑھتی قیمتوں اور ذخیرہ اندوزی پر وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان میں ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے چونتیس افراد کو گرفتار کیا ہے۔ چار سے پانچ بڑی ایکسچینچ کمپنیوں کا آڈیٹ کرا رہے ہیں، جو نتیجہ نکلا قوم کے سامنے لائیں گے۔ افغانستان کی وجہ سے ڈالر اور روپے کی قدر میں بڑا واضح فرق آیا ہے۔ یہاں سے افغانستان ڈالر کی منتقلی کو ہر ممکن طریقے سے روکا جا رہا ہے۔

مریم کی وزیراعظم پر تنقید

گزشتہ روز فیصل آباد میں ہونے والے جلسے سے خطاب میں مریم نواز شریف کی عمران خان پر تنقید پر وزیر داخلہ نے کہا کہ مریم نواز کی تقریر سے اگر عمران خان کو نکال دیا جائے تو اس میں کچھ نہیں بچے گا۔ وہ عمران خان کی الٹی گردان پڑھ رہی تھی۔ جوڈو کراٹے کرکے اپوزیشن اپنی سیاسی قبر کھو دے گی، اپوزیشن والے پچھلے دسمبر سے کہہ رہے ہیں عمران خان گئے، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے عمران خان کہیں نہیں جا رہے۔ حکومت کو سوا 3 سال ہوگئے ہیں اور 5 سال پورے کریں گے۔ عمران خان خوش قسمت ہیں جن کو نالائق، نااہل اور نکمی اپوزیشن ملی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پلان کر کے لندن گئے اور جس طرح لندن گئے انہیں خون کے آنسو رونے کی ضرورت نہیں ہے، وہ خون کے نہیں مگرمچھ کے آنسو رو رہے ہیں۔

مہنگائی سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی ہے، لیکن ہم حالات کا خندہ پیشانی سے سامنا کر رہے ہیں۔ افغانستان کے حالات کے باعث پاکستان میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا اور ساری دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھیں جس سے پاکستان بھی متاثر ہوا، پوری کوشش ہے کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے۔

دھوبی گھاٹ جلسہ

فیصل آباد کے علاقے دھوبی گھاٹ میں ہفتہ 16 اکتوبر کو جلسے سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ‘عمران خان کی باری آئی تو فوج کے ادارے پر حملہ نہیں کیا بلکہ خود کش حملہ کیا، اپنی باری آئی تو اس ایک شخص کو کرسی پر رکھنے کے لیے، جو شخص اس کی کرسی بچاتا ہے اس کو بچانے کے لیے حملہ کیا، وہ شخص جو آپ کی حکومت چلاتا ہے اور تمہارے مخالفین کو پکڑتا ہے اور مارتا ہے، جو ججوں پر دباؤ ڈالتا ہے، عدلیہ کا چہرہ داغ دار کرتا ہے، وہ شخص جو ججوں کو بلیک میل کرتا ہے، جو صحافیوں کو اغوا کرتا اور صحافیوں کی زبانیں بند کرتا ہے اور ان کو نوکریوں سے نکلواتا ہے، وہ شخص جو تمھارے لیے چینلز بند کراتا ہے، وہ شخص جو تمھارے لیے ڈبے بھی اٹھواتا ہے اور الیکشن چوری بھی کرتا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اس ایک شخص کو عہدے پر رکھنے کی خاطر پاکستان کی افواج کو پوری دنیا میں تماشا بنا کر رکھ دیا، اس ایک شخص کی وجہ سے فوج میں ہونے والی تمام تقرریاں ہوا میں لٹک گئیں، ان افسران کا کیا قصور تھا ان کا تقرر بھی ان کے ساتھ ہوا تھا، ان کا بھی تماشا پوری دنیا میں بنا کر رکھ دیا گیا’۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube