Tuesday, October 19, 2021  | 12 Rabiulawal, 1443

ڈائریکٹرجنرل آئی۔ایس۔آئی کی تقرری کی سمری وزیراعظم آفس کوموصول

SAMAA | - Posted: Oct 13, 2021 | Last Updated: 6 days ago
Posted: Oct 13, 2021 | Last Updated: 6 days ago

نئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کی تقرری کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد تقرر ہوگا۔

سماء ٹی وی کے مطابق نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کیلئے وزارت دفاع کی جانب سے سمری بھجوائی گئی، جو وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد نئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی کا تقرر ہوگا۔

گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر نے سماء ٹی وی کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزراعظم چاہتے تھے کہ افغانستان کی صورتحال کے باعث لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید مزید کچھ ماہ اپنے عہدے پر برقرار رہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ میں کہا کہ آرمی چیف کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے 3 سے 5 نام آئیں گے، ان ناموں میں سے وزیراعظم نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی منظوری دیں گے۔

دوسری جانب بدھ کی صبح وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان مشاورت کا عمل مکمل ہوچکا ہے، پاک فوج میں نئی تقرری کے طریقۂ کار پر کام شروع ہوچکا ہے اور ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں۔

منگل کو کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا اختیار وزیر اعظم کے پاس ہے، اس حوالے سے تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے آئی ایس آئی کے سربراہ کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ پیر کی رات وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے مابین ایک تفصیلی میٹنگ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔

آئی۔ایس۔آئی چیف کی تقرری کااختیار وزیراعظم کے پاس ہے، وزیراطلاعات

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آرمی چیف ایسا کوئی قدم نہيں اٹھائيں گے جس سے سول سيٹ اپ کی عزت کم ہو جبکہ ويراعظم بھی کوئی ايسا فیصلہ نہیں کریں گے جس سے فوج کی توقیر ميں کمی واقع ہو۔

یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ وزیراعظم آفس ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے میں تاخیر کررہا تھا۔

ڈی جی آئی ایس آئی کےنوٹیفکیشن کےمعاملےکوغلط رنگ دیاگیا،وزیراعظم

آئی ایس پی آر نے 6 اکتوبر کو پاک فوج میں تقرری و تبادلوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ جس میں بتایا گیا تھا کہ موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کا تقرر وزیراعظم آفس کی جانب سے نوٹیفکیشن کے اجراء تک مؤثر نہیں ہوگا۔ یہی وجہ ہے کہ مبینہ طور پر نوٹیفکیشن میں تاخیر کی گئی۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی کور کمانڈر پشاور تقرری نے انہیں اگلا آرمی چیف بننے کے قریب کردیا ہے۔

سربراہ پاک فوج متوقع امیدواروں میں تجربہ کی بنیاد پر تھری اسٹار جنرل یہ ہیں۔

لیفٹننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، کمانڈر 10 کور، راولپنڈی

لیفٹننٹ جنرل اظہر عباس، چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس)، جنرل ہیڈ کوارٹرز، راولپنڈی

نعمان محمود، کمانڈر 11 کور، پشاور

لیفٹننٹ جنرل فیض حمید، ڈی جی آئی ایس آئی

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube