Thursday, January 20, 2022  | 16 Jamadilakhir, 1443

پاکستان ریلویز کا ماروی ایکسپریس رواں ماہ بحال کرنیکا اعلان

SAMAA | - Posted: Oct 2, 2021 | Last Updated: 4 months ago
SAMAA |
Posted: Oct 2, 2021 | Last Updated: 4 months ago

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز نثار احمد میمن نے عوام کے پُرزور مطالبے پر ماروی ایکسپریس کو رواں ماہ بحال کرنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وباء کے باعث کم ٹرینیں چل رہی ہیں، حالات بہتر ہوں گے تو مزید ٹرینیں بھی مختلف سیکشنوں پر چلائی جائیں گی۔

وزیر اعظم پاکستان کے احکامات اور وفاقی وزیر ریلوے کی خصوصی ہدا یت پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر پاکستان ریلوے نثار احمد میمن نے ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں فیس بک لائیو کھلی کچہری میں ریلوے ملازمین اور عام لوگوں کی ریلوے سے متعلق ضروریات اور مسائل سنے، اس سیشن میں متعلقہ افسران بھی موجود رہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے نثار احمد میمن کا کہنا تھاکہ فیس بک لائیو کھلی کچہری کا بنیادی مقصد پاکستان ریلوے اور عوام کے درمیان رابطہ قائم کرنا اور ان کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانا ہے۔

سی ای او پاکستان ریلویز نثار احمد میمن نے عوام کے پُرزور مطالبے پر ماروی ایکسپریس کو رواں ماہ بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

پبلک ریلیشن آفیسر پاکستان ریلویز نازیہ جبین نے سماء ڈیجیٹل سے گفتگو میں بتایا کہ ماضی میں حیدر آباد سے کھوکھرا پار تک چلنے والی ماروی ایکسپریس کے نئے روٹ اور ٹائمنگ کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا، ٹرین کے اوقات کار، اسٹیشنز اور مقامات کا فیصلہ جلد کیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ماروی ایکسپریس ماضی میں حیدرآباد سے بذریعہ میرپور خاص کھوکھرا پار تک چلتی تھی، جس میں 7 بوگیاں ہوتی تھیں، دونوں جانب سے ایک ٹرین صبح جبکہ دوسری شام کے اوقات میں روانہ ہوتی تھی۔

نازیہ جبین نے بتایا کہ ماروی ایکسپریس مارچ 2020ء میں کرونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث بند کی گئی تھی۔

کھلی کچہری میں ریلوے ملازمین نے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے نثار احمد میمن کو تنخواہیں نہ ملنے اور پنشن میں اضافے، گریجویٹی رقم کی ادائیگی، کوارٹروں کی الاٹمنٹ، محکمانہ پروموشن، ریلوے میں ٹی ایل اے اور پی ایم پیکیج کی ریگولرائزیشن، سب انجینئرز کے ٹیکنیکل الاﺅنس اور گینگ مینوں کے الاﺅنس سمیت دیگر مسائل سامنے رکھے۔

جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے نے ان تمام مسائل کو پاکستان ریلوے کی پالیسی کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

عوام نے چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے کو مختلف سیکشنوں پر مزید مسافر ٹرینیں چلانے، نئے اسٹاپ بنانے، پہلے سے چلنے والی ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے، مختلف اسٹیشنوں پر اسٹاف کی کمی، پلیٹ فارمز کی اپ گریڈیشن، ریلوے کالونیوں میں بجلی کے مسائل اور آن لائن ٹکٹوں کی ریزرویشن، انکروچمنٹ جیسے مسائل کو حل کرنے کی درخواست کی۔
ریلوے پولیس کے حوالے سے سوال پر سی ای او پاکستان ریلویز نثار احمد میمن نے ریلوے پولیس کو ختم کرنے کی ترید کرتے ہوئے کہا کہ اسے پہلے سے زیادہ فعال بنارہے ہیں۔

انہوں نے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن یقین دہانی کرائی اور عوام کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ٹرینیں کم چلائی جارہی ہیں، جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے تو مزید ٹرینیں مختلف سیکشنوں پر چلائی جائیں گی۔

ریلوے حکام کی جانب سے دوپہر2 بجے سے سہ پہر 4بجے تک فیس بک لائیو کھلی کچہری جاری رہی جس میں ملک بھر سے سینکڑوں لوگوں نے اپنی اپنی رائے کا اظہار کیا۔

اس فیس بک لائیو کھلی کچہری میں 5 ہزار لوگوں نے سی ای او ریلوے تک اپنے پیغامات پہنچائے، چھ ہزار 100 افراد نے ری ایکٹ کیا جبکہ 7 ہزار 200 لوگوں نے اس لائیو سیشن کو دیکھا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر نثار احمد میمن نے کہا کہ لو گوں کی شکایات براہ راست سننے کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ ریلوے ملازمین اور دوسرے لوگوں کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جاسکے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube