Tuesday, October 19, 2021  | 12 Rabiulawal, 1443

کراچی میں اچانک بارش کیوں ہوئی،محکمہ موسمیات نے وجہ بتادی

SAMAA | - Posted: Sep 27, 2021 | Last Updated: 3 weeks ago
SAMAA |
Posted: Sep 27, 2021 | Last Updated: 3 weeks ago

منگل سے جمعہ تک مزید بارشوں کی پیشگوئی

کراچی کے مختلف علاقوں ميں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، تھوڑی سی بارش کے بعد بيشتر مقامات پر ايک بار پھر پانی جمع ہوگيا، کينٹ اسٹيشن کی چھتيں ٹپکنے لگيں، کئی علاقوں میں درخت گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام بھی رہا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی ميں پیر کو اچانک بارش کيوں ہوئی؟، ڈائريکٹر محکمہ موسميات سردار سرفراز کا کہنا ہے چھوٹی سی جگہ پر بہت زيادہ تيز بارش ہوجائے تو اسے مائيکرو برسٹ کہتے ہيں، يہ پچھلی بارش کے اثرات کی وجہ سے ہوا ہے، شہر ميں کل (منگل 28 ستمبر) سے بارشوں کا نيا اسپيل شروع ہوگا، جس سے 2 اکتوبر تک کبھی ہلکی تو کبھی تيز بارش ہوگی۔

کراچی ميں پیر کی صبح اچانک بادل آئے اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ برس پڑے، چند منٹوں کی بارش کے بعد حبس اور گرمی ميں کچھ کمی آئی، تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے شہر کے مختلف حصوں میں جاری رہا، لانڈھی، کورنگی، ملیر، احسن آباد، گلزار ہجری، اسکیم 33، سہراب گوٹھ، بفرزون، النور سوسائٹی، نيو کراچی، گلشن معمار، صدر، آئی آئی چندر ريگر روڈ سميت ديگر علاقوں ميں بادل برسے۔

بارش کے بعد سندھ اسمبلی، سندھ ہائيکورٹ کے احاطے، فوارہ چوک، پريس کلب روڈ اور گزری میں پانی جمع ہوگیا، گرومندر سے صدر جانیوالی سڑک جھیل بن گئی، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

 بارش کا پانی جمع ہونے سے پی آئی ڈی سی سميت مختلف مقامات پر ٹريفک جام ہوگیا، جس سے شہریوں کو دوہری مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش اور تیز ہوا کے باعث  سندھ اسمبلی کے احاطے اور عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں 2 درخت گر گئے۔ بارش کے دوران کينٹ اسٹيشن پر انتظار گاہ کی چھتيں ٹپکنے لگيں، جس کے باعث پليٹ فارم پر بيٹھے مسافر پريشان دکھائی دیئے۔

شہر قائد میں تیز برسات کی پیش گوئی کے بعد ضلعی انتظامیہ نے بھی تمام متعلق اداروں کو مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔ ضلع شرقی کے ایڈمنسٹریٹر شعیب احمد ملک کا کہنا ہے کہ آج رات سے برسات کی پیشن گوئی ہے لہٰذا محکمہ جات خدمات کی فراہمی کیلئے ضروری انتظامات رکھیں، محکمہ جات کے افسران برسات ہوتے ہی فیلڈ میں آجائیں، عملے سے کام لینے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے،

انہوں نے کہا کہ رین ایمرجنسی میں فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کوتاہی کے مرتکب افسران و عملے کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube