Monday, October 25, 2021  | 18 Rabiulawal, 1443

دیر: بانڈہ گئی میں جرگے میں فاٸرنگ،ملزمان گرفتار

SAMAA | - Posted: Sep 21, 2021 | Last Updated: 1 month ago
SAMAA |
Posted: Sep 21, 2021 | Last Updated: 1 month ago

دیر میں براول کےعلاقے بانڈہ گئی میں جرگہ کے دوران فاٸرنگ کے واقعے میں نامزد 5 ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق پیر کی صبح  دیر کےعلاقے براول میں فائرنگ کے واقعے میں نامزد 8 ملزمان میں سے 5 ملزمان کو رات گئے گرفتارکرلیا جن میں جہاں عالم،بخت عالم، شمشیر عالم،ارشد اور اعجاز شامل ہیں۔ دیگر 3 ملزمان احمد نور،نواب اور ظفر کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

اس سے قبل پیر کی صبح باچا منیر اور جہاں  عالم کے درمیان اراضی کے تنازع پر جرگہ منعقد کیا گیا۔ اس دوران فریقین میں تنازعہ ہوگیا اور تلخ کلامی پر دونوں جانب سے فائرنگ شروع کردی گئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ واقعے میں 9 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال دیر منتقل کردیا گیا جہاں کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔

انتظامیہ نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی اور لوگوں سے خون کےعطیہ کی اپیل بھی کی ہے۔  4 شدید زخمیوں کو پشاور اور تیمرگرہ منتقل کردیا گیا۔ مرنے والوں میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد شامل ہیں اوران افراد کا تعلق جرگہ ممبران میں تھا۔

آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری نے اپر دیر میں جرگے میں فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او مالاکنڈ سے رپورٹ طلب کرلی ۔معظم جاہ نے ہدایت کی تھی کہ جلد ازجلد واقعے سے متعلق رپورٹ سی پی او کو ارسال کرکے ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔آئی جی پولیس نے جرگے کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ضلعی مصالحتی کمیٹیاں فعال بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

پیر کی شام واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین نے لاشیں براول سے چکیاتن لاکر دیر اور پشاور کی مرکزی شاہراہ پر احتجاجا رکھ کر سڑک ٹریفک کیلٸے بند کردی جس کے بعد کٸی گھنٹوں کے مذاکرات کے بعد حالات بحال ہوئے۔

مظاہرین کے ساتھ ڈی سی محمد شعیب،ڈی ایس پی شرینگل غلام صادق خان سمیت پولیس افسران اور سیاسی عماٸدین  نےمذاکرات کئے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube