Friday, October 15, 2021  | 8 Rabiulawal, 1443

عالمی طاقتیں افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کریں، وزیرخارجہ

SAMAA | - Posted: Sep 21, 2021 | Last Updated: 4 weeks ago
SAMAA |
Posted: Sep 21, 2021 | Last Updated: 4 weeks ago
Shah mahmood

فوٹو: ٹوئٹر

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی طاقتوں پر زور دیا ہے کہ افغانستان کے منجمد اثاثوں کو افغانوں کے لیے بحال کرنا بہتر ہوگا۔

نیویارک میں یو این پریس نمائندگان کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ فوری ترجیح افغانستان میں معاشی بحران کو روکنا ہے جو بڑے پیمانے پر تباہی کا باعث بن سکتا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ ایک طرف، آپ بحران کو روکنے کے لیے نئے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں جبکہ اسی دوران یہ رقم وہ استعمال بھی نہیں کر سکتے۔ اثاثے منجمد کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی طاقتیں اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں اور اثاثوں کو بحال کر دیں۔

واضح رہے کہ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد امریکا نے افغان مرکزی بینک کے 9.5 بلین ڈالر کے اثاثے منجمد کر دیے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہاک ہ افغانوں نے گذشتہ 4دہائیوں میں جنگ وجدل کا سامنا کیا ہے اور اب افغانستان میں قیام امن کی امید پیدا ہوئی ہے اس لیے عالمی برادری کو اس نازک موڑ پر افغانوں کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت مزید مہاجرین کا بوجھ اٹھانے کی متحمل نہیں ہوسکتی اور اگر افغانستان میں صورتحال کشیدہ ہوتی ہے تو پاکستان زیادہ متاثر ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم افغانستان میں اجتماعیت کی حامل جامع حکومت کے قیام کے خواہاں ہیں۔ طالبان رہنماؤں کے ابتدائی بیانات حوصلہ افزا ہیں جبکہ عالمی رائے کا احترام اور وعدوں کی پاسداری طالبان کے مفاد میں ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں تبدیلی کے دوران بہت سے مثبت پہلو سامنے آئے جبکہ حالیہ تبدیلی میں خون خرابے اور خانہ جنگی کا نہ ہونا مثبت پہلو ہیں۔

مسئلہ کشمیر پر وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت خطے میں قیام امن کا خواہاں ہے تو کشمیریوں پر مظالم بند کرے اور 5اگست جیسے غیر آئینی اقدامات کو واپس لے۔ آج ہندوستان کے اندر سے ہندوتوا کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 5روزہ دورے پر نیویارک پہنچے۔ نیویارک میں پاکستان ہاؤس آمد پر یو این میں مستقل مندوب منیراکرم اور سفارتی عملے نے خیر مقدم کیا اور وزیر خارجہ نے وزٹرز بک میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔

وزیر خارجہ نے اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر کی وضاحت کی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube