Thursday, January 20, 2022  | 16 Jamadilakhir, 1443

پی ٹی آئی کو لیگی منصوبوں پرتختیاں لگاناآتاہے،شہباز

SAMAA | - Posted: Sep 18, 2021 | Last Updated: 4 months ago
SAMAA |
Posted: Sep 18, 2021 | Last Updated: 4 months ago

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کنٹونمنٹ انتخابات سے ہی پیدا ہوئی ہے، اس حکومت کو صرف ن لیگ کے بنائے گئے کامیاب منصوبوں پر اپنے نام کی تختیاں لگانی آتی ہیں۔

سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب میں پارٹی صدر شہباز شریف نے پارٹی ورکرز کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں جیت کی آپ سب کو مبارک ہو۔ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کوئی معمولی معرکہ نہیں تھا۔ کنٹونمنٹ بورڈ سے ہی پی ٹی آئی نے جنم لیا تھا۔ آج اسی سے پی ٹی آئی کی موت واقع ہوئی ہے۔ پورے ملک میں عوام نے اپنے ضمیر کے مطابق اور پی ٹی آئی کے خلاف ووٹ دیئے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی اکثریت نے ن لیگ کو ووٹ دیئے۔ عوام کا اس حکومت سے دل بھر گیا ہے، مہنگائی نے ان کی کمر توڑ دی ہے۔ لوگ پھر کیوں نہیں شہباز شریف کو یاد کریں۔ ہمارے دور میں 2013 سے 2018 تک چینی کی قیمت 52 روپے سے اوپر نہیں گئی تھی۔ اب چینی 110 روپے کلو ہوگئی۔ اے ٹی ایم مشینوں کو ڈاکا ڈالنے کی اجازت دی گئی۔ ان کو صرف ایک کام آتا ہے ن لیگ کے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگانا۔ یہ لوگ دن رات ریاست مدینہ کا ذکر کرتے ہیں اور عمل اس کے خلاف ہیں۔

انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ کیا ریاست مدینہ میں کوئی ناانصافی ہوسکتی تھی؟۔ اگر نہیں تو اس عوام کے ساتھ کی گئی زیاتیوں کا حساب کون دے گا؟۔ لوگ ن لیگ کو اس لئے یاد کرتے ہیں کہ اسپتالوں میں دوائیاں فری ملتی تھیں۔ سی ٹی اسکین اور ڈائیلیسز فری ہوتے تھے۔ آج بجلی نہیں ہے، اگر ہے تو اس ریٹ پر ہے جو امیر آدمی بھی برداشت نہیں کرسکتا، آج ملک میں گیس کی کمی کا سامنا ہے، سارا ملک گواہی دیتا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں ہماری پارٹی نے ملک سے دہشت گردی ختم کی۔ 112 روپے پر ڈالر چھوڑ کر گئے تھے آج 172 پر بھی نہیں مل رہا، ایک افراتفری کا دور ہے۔ ملک میں حالات اچھے نظر نہیں آ رہے، کل نیوزی لینڈ کی ٹیم واپس چلی گئی، یہ تو کرکٹ کے ماہر اور بے تاج بادشاہ تھے۔

احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کیخلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، حکومت کے ہر جھوٹے مقدمے نے ہمارے حوصلے کو بلند کیا، مسلم لیگ ن نے وفاق اور صوبے میں خدمت کا معیار قائم کیا، یہ جتنا مرضی جھوٹ بول لیں، عوام کے دلوں سے ن لیگ کو نہیں نکال سکتے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کہتے تھے ڈالر ایک روپیہ مہنگا ہو جائے تو وزیراعظم چور ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 170 تک پہنچ گیا، اب چور کون ہے ؟ اس کرپٹ حکومت کے خلاف ہمیں جنگ لڑنی ہوگی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube