Wednesday, December 1, 2021  | 25 Rabiulakhir, 1443

مہنگائی کے ساتھ لوگوں کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا،اسدعمر

SAMAA | - Posted: Sep 4, 2021 | Last Updated: 3 months ago
SAMAA |
Posted: Sep 4, 2021 | Last Updated: 3 months ago

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے ساتھ لوگوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے تاہم حکومت گرانی پر قابو پانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
سماء کے پروگرام سوال میں گفتگو کرتے ہوئے اسدعمر کا کہنا تھا کہ ملک کی دوتہائی آبادی زراعت سے منسلک ہے اور اس سال فصلوں کی ریکارڈ پیداور اور اچھی قمیت سے کسانوں کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسرے بڑے طبقے دیہاڑی دار کی آمدن بھی کنسٹرکشن سیکٹر کے کام میں اضافے سے بڑھی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی سطح کے مقابلے ہمارے ہاں مہنگائی کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے احساس پروگرام کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں اور مڈل کلاس لوگوں تک ٹارگٹڈ سبسڈی پہنچانے کی غرض سے پروگرام کا آغاز ہونے والا ہے جس کے لیے سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پچھلی حکومت سے زیادہ اور اچھی قیمت پر ایل این جی خریدی ہے۔
اسدعمر کا کہنا تھا کہ ابھی کوئی عام صورتحال نہیں بلکہ ہمیں ایک عالمی وبا کے چیلنج کا سامنا ہے اور جس طرح ہم نے اس کا مقابلہ کیا ہےوہ عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کرونا کی چوتھی لہر شروع ہوئے کئی ہفتے ہوچکے ہیں اور ہم کوشش کررہے ہیں کہ کاروبار بھی چلتا رہے اور ہمیں کسی مشکل صورتحال کا سامنا بھی نہ کرنا پڑے۔
اسدعمر کا کہنا تھا کہ کرونا مثبت کیسز کی شرح زیادہ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود اسپتالوں پر دباؤ ہے جس کی اصل وجہ کرونا وائرس کا انڈین ویرینٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرونا کی بھارتی قسم زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے اور اس میں مریض کے اسپتال میں داخل ہونے کا خدشہ زیادہ درپیش ہوتا ہے۔
برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو ریڈلیسٹ میں رکھنے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسدعمر کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزیرخارجہ اور وزیراعظم نے اپنے ہم منصب سے بات کی ہے لیکن وہ فیصلہ سیاسی ہے۔
ملک میں قبل ازوقت الیکشن سے متعلق اسدعمر کا کہنا تھا کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں اور یہ افواہیں گزشتہ چند ماہ سے پھیلی ہوئی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فی الحال ایسی کوئی تجویز زیرغور نہیں کیوں کہ ابھی توہمارے منصوبوں کے نتائج آنا شروع ہوئے ہیں اور جو منصوبے زیرتکمیل ہیں انہیں مکمل بھی کرنا ہے۔
اسدعمر کا کہنا تھا کہ پہلے اپوزیشن کے بیانات کے جوابات کے لیے ہمیں سوچنا پڑتا تھا لیکن پچھلے ایک سال سے شہازشریف کے ہربیان پر مریم نواز کی تردید آجاتی ہے کہ شہبازشریف نے جو کہا وہ غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی قومی حکومت سے متعلق بات کی بھی مریم نواز نے تردید کی ہے اور ملک میں ایسے کسی تجربے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube