Saturday, October 23, 2021  | 16 Rabiulawal, 1443

کراچی میں پی ڈی ایم کا جلسہ آج ہو رہا ہے

SAMAA | - Posted: Aug 29, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Aug 29, 2021 | Last Updated: 2 months ago

کراچی میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) آج باغِ جناح میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔ جلسے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وہ جلسے کی کامیابی کے لیے پُرامید ہیں۔ جلسہ گاہ میں سیاسی قائدین کے لیے 25 فٹ اونچا اور 75 فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا ہے جبکہ شرکاء کے لیے ہزاروں کرسیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔

جلسہ گاہ میں خواتین کے لیے بھی خصوصی حصہ بنایا گیا ہے اور اسٹیج کے ساتھ ہی خواتین کے لیے کرسیاں لگائی گئی ہیں، خواتین کی کرسیوں سے آگے ڈنڈے لگائے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم کا جلسہ شام 4 بجے شروع ہوگا جس سے مولانا فضل الرحمان، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور پروفیسر ساجد میر سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔

سیکیورٹی الرٹ

جلسے کی سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس اہلکاروں کے علاوہ رضا کاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

جلسے کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے 25 سینئر افسران، 65 ڈی ایس پیز اور 3748 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایس ایس یو کی 30 خواتین کمانڈوز سمیت 93 خواتین پولیس اہلکار بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کسی بھی ایمرجنسی یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع 15 پر دیں۔ جلسے کے باعث مزار قائد اور اطراف کےعلاقوں میں ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

فضل الرحمان

دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جلد حکومت مخالف ملک گیر جلسوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلائی جائے گی، حکومت کی 3 سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کی پیٹھ میں چُھرا گھونپا، پیپلز پارٹی اب قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ جلسے میں خواتین کی شرکت سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا خواتین جلسے میں آئیں گی، انہیں مکمل حفاظت اور عزت دی جائے گی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube