Saturday, October 16, 2021  | 9 Rabiulawal, 1443

کراچی:ساحل پر پھنسے بحری جہاز کو نکالنے کا آپريشن دوبارہ ناکام

SAMAA | - Posted: Aug 24, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Aug 24, 2021 | Last Updated: 2 months ago

جہاز کو نکالنے کا آپریشن کل تک مؤخر کردیا گیا ہے

کراچی کے ساحل پر پھنسے بحری جہاز کو نکالنے کا آپريشن منگل کو بھی کامياب نہ ہوسکا۔

کراچی میں سی ویو پر پھنسے جہاز کو نکالنے کيلئے ٹگ بوٹ سے باندھا گيا رسہ ٹوٹ گيا۔ سی میکس کمپنی کے نمائندے عارف شیخ نے بتایا ہے کہ جہاز کو نکالنے کا آپریشن کل تک مؤخر کردیا گیا ہے۔ ہارمنی ٹگ بوٹ کو رسےسےکھینچ کرجہازکوگہرےسمندرمیں لےجانا تھا۔ عارف شیخ نے مزید بتایا کہ خراب موسم کے باعث جہاز واپس ساحل کی طرف آگیا ہے،جہاز جب تک2500 میٹر سمندر میں نہیں پہنچ جاتا آپریشن کامیاب نہیں کہاجاسکتا۔ایان شپ بیکرز نےبتایا کہ بحری جہاز کو آج 700 میٹر تک سمندر کے اندر کھینچا گیا تاہم اب جہاز دوبارہ 150 میٹر پر واپس آگیا ہے۔

کراچی کے ساحل سے اتوار کو کرین برداربارج کو نکال لیا گیا تھا۔ شپنگ ایجنٹ کیپٹن عاصم اقبال نے امید ظاہر کی تھی کہ پھنسے ہوئے بحری جہازکو پیر کو نکال لیا جائے گا تاہم ایسا نہ ہوسکا۔

شپنگ ایجنٹ عاصم اقبال نے مزید بتایا تھا کہ کرین بردارکشتی کو مقامی ٹگ کے ذریعے نکالا گیا ۔پیر کو گہرے سمندر میں کھڑی ٹگ بوٹ ہارمنی تک فولادی رسہ پاس ہوگیا تھا۔نمائندہ سی میکس عارف شیخ کے مطابق ساڑھے3 ہزار میٹر لمبا نیا فولادی رسہ ٹگ بوٹ تک پہنچنا اہم مرحلہ تھا۔

مزید پڑھیں:کراچی:ساحل پرپھنسا جہازدوبارہ ریت کی جانب آگیا

کراچی کے ساحل پرایک ماہ سے زائد پھنسے بحری جہاز کو نکالنے کے لیے ریسکیوآپریشن کیلئے دبئی سے آنے والی ہارمنی ٹگ بوٹ پچھلے ہفتے خراب ہوگئی تھی۔سی میکس کمپنی کے نمائندے عارف شیخ نے بتایاتھا  کہ ہارمنی ٹگ بوٹ میں لیکج ہوئی تھی جو مرمت سے ٹھیک کرلی گئی۔

اس سے قبل جہاز کو کھینچنے کیلئے باندھا گیا فولادی رسہ ٹوٹ کر سمندر میں گم ہوگیا تھا۔ رسہ ٹوٹنے سے قبل جہاز کو نکالنے والی کرین بردار بارج خود پھنس گئی تھی۔یوم آزادی پرعوام کی بڑی تعداد کےجہاز تک پہنچ جانے سے بھی آپریشن تاخیر کا شکار ہوا تھا۔

پچھلے ہفتے ہینگ ٹونگ 77 جہاز کو نکالنے کا آپریشن 5 روز کیلئے ملتوی کیا گیا تھا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ جہاز نکالنے کیلئے سمندر میں مطلوبہ اونچی لہریں 20 اگست کے بعد متوقع ہونگی۔ سب کانٹریکٹر ایان شپ بریکرز نے بتایا تھا کہ ریسکیو آپریشن کےآغاز میں پہلے پھنسے ہوئے کرین بردار بارج کو نکالیں گے ۔

واضح رہے کہ ساحل پر پھنسے جہاز ہینگ ٹونگ 77 کو نکالنے کے لیے ٹگس اور بارج مقامی کمپنی کو استعمال کیا جارہا ہے۔ جہاز پانی میں کھینچنے کے بعد ٹگس اور بارج جہاز کو پورٹ کی جانب لے جانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ خراب موسم اور تکنیکی وجوہات کے باعث جہاز کو نکالنے کا آپریشن معطل کرنا پڑا تھا۔

مزید پڑھیں:ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کیلئے آپریشن روک دیا گیا

دو ہفتے قبل وزارت بحری امورنے جہاز کو قبضے میں لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ جہاز سمندری سفر کیلئے ناموزوں ہوچکا ہے اور اس فیصلے سے کپتان کو تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔ جہاز کو سمندر میں جانے کے قابل نہ ہونے پر پاکستان مرچنٹ آرڈیننس 2001 کی شق 400 کے تحت قبضے میں لیا جائے گا۔ جہاز کے نیوی گیشن آلات،مشینری اور ہل خراب ہے۔خراب جہاز انسانی جان اور املاک کے لئے نقصان دہ ہے۔

واضح رہے کہ کراچی کے ساحل پر ہینگ ٹونگ 77 بحری جہاز 21 جولائی کو ریت میں دھنسا تھا۔ اس کو نکالنے کے لیے پہلا آپریشن 10 اگست کو کیا تھا۔ پہلے آپریشن کو تیکنکی خرابی کی وجہ سے روک دیا گیا تھا لیکن جہاز کو 200 فٹ تک پانی کی جانب دھکیل دیا گیا تھا۔ 11 اگست کو ہونے والے آپریشن میں ٹگ بوٹ خراب ہوگئی تھی اور جہاز واپس ریت کی جانب آگیا تھا۔12 اگست کو جہاز کو 600 فٹ تک سمندر کی طرف کھینچ لیا گیا تھا جب کہ اونچی سمندری لہروں اور ہواؤں نے جہاز کا رخ 45 ڈگری سمندر کی طرف قدرتی طور پر موڑ دیا تھا۔ تاہم 13 اگست کو تیز ہواؤں اور سمندری لہروں نے پچھلی پوزیشن پر دوبارہ موڑ دیا۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube