Wednesday, October 20, 2021  | 13 Rabiulawal, 1443

کراچی: غیرملکی بحری جہاز ریت سے نکال لیا گیا

SAMAA | - Posted: Aug 23, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Aug 23, 2021 | Last Updated: 2 months ago

منگل کوسمندر میں صحیح سالم تیرجانے کا امکان

کراچي کے ساحل پر پھنسے غیر ملکی جہاز ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے آپریشن میں اہم کامیابی حاصل ہوگئی کیوں کہ اسے ریت سے نکال لیا گیا ہے اور توقع ہے کہ جہاز کو منگل کو گہرے سمندر میں لے جانے کا مرحلہ بھی مکمل ہوجائے گا۔

شپنگ ایجنٹ کیپٹن عاصم اقبال کا کہنا ہے کہ جہاز کو پلان کے مطابق ایک ٹگ بوٹ اور کرین بردار بوٹ کے زریعے سمندر میں کھینچا گیا، اس کے دونوں انجن اسٹارٹ ہوگئے اور پنکھے بھی ٹھیک کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جہاز کو 150 میٹر تک گہرے پانی میں کھینچ لیا گیا اور منگل تک مزید 100 میٹر تک کھینچا جائے گا جس کے بعد جہاز کو براہ راست ٹگ بوٹ سے کھینچا جائے گا۔

مشیر وزیراعظم برائے بحری امور محمود مولوی کا کہنا ہے کہ جہاز کے لیے ساحل کا آپریشن مکمل ہو گیا تاہم اسے منگل کو ساحل سے نکلنے کے بعد اینکرج پر روکا جائے گا اور اسے میرین مرکنٹائل ڈپارٹمنٹ سے کلیئرنس لینی ہوگی۔

وزیر اعظم کے مشیر محمود مولوی نے کہا کہ جہازحکومتی تحویل میں ہے اور اسے بنا چارجز ادا کیے اور سفر کے لیے موزوں ہونے کی سند کے بغیر جانے نہیں دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ یہ مال بردار جہاز 2 ہزار 250 ٹن وزنی ہے اور یہ عملے کی تبدیلی کے لیے 18 جولائی کو کراچی کی بندرگاہ آیا تھا لیکن سمندر میں طغیانی اور تیز ہواؤں کے باعث ساحل کی طرف آجانے کے نتیجے میں پھنس گیا تھا۔ یہ جہاز پاناما میں رجسٹرڈ ہے اور اس کی مالک کمپنی کا تعلق سنگاپور سے ہے۔ یہ ہانگ کانگ سے کراچی آیا تھا اور یہاں سے اسے استنبول جانا تھا۔

بحری جہاز کو نکالنے کے لیے پہلا آپریشن 10 اگست کو کیا گیا تھا۔ پہلے آپریشن کو تیکنکی خرابی کی وجہ سے روک دیا گیا تھا لیکن جہاز کو 200 فٹ تک پانی کی جانب دھکیل دیا گیا تھا۔ 11 اگست کو ہونے والے آپریشن میں ٹگ بوٹ خراب ہوگئی تھی اور جہاز واپس ریت کی جانب آگیا تھا۔ بارہ اگست کو جہاز کو 600 فٹ تک سمندر کی طرف کھینچ لیا گیا تھا تاہم 13 اگست کو تیز ہواؤں اور سمندری لہروں نے پچھلی پوزیشن پر دوبارہ موڑ دیا۔

کراچی کے ساحل پر پھنسےجہاز نہ نکلنے کی اب تک کی روایت اس بار تبدیل ہوتی نظر آرہی ہے اور ریسکیو حکام پر امید ہیں کہ منگل کو جہاز صحیح سالم ساحل سے نکل کر سمندر میں تیرنے لگے گا۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube