Sunday, September 19, 2021  | 11 Safar, 1443

ایم پی اے نذیر چوہان 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل منتقل

SAMAA | , and - Posted: Jul 27, 2021 | Last Updated: 2 months ago
Posted: Jul 27, 2021 | Last Updated: 2 months ago

جہانگیر ترین گروپ سے منسلک پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر چوہان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کی جانب سے نذیر چوہان کو کینٹ کچہری میں پیش کیا گیا۔

نذیر چوہان کے وکلا نے درخواست ضمانت داٸر کی کہ الزامات غلط ہیں کوٸی غیر قانونی کام نہیں کیا، انھیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

عدالت نے نذیر چوہان کی ضمانت منظور کرتے ہوٸے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ نذیر چوہان کے خلاف لگاٸی گٸی دفعات قابل ضمانت ہیں لہٰذا اگر ایم پی اے نذیر چوہان عدالت کو مطمئن کرنے کے لیے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں تو انہیں رہا کر دیا جائے اور ضمانتی مچلکے جمع نہ کرانے پر 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جائے۔

عدالت نے قرار دیا کہ اگر نذیر چوہان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل جاتے ہیں تو انھیں دوبارہ 10اگست کو پیش کیا جاٸے۔

نذیر چوہان کے خلاف وزیر اعظم کے مشیر شہزاد اکبر کی مدعیت میں تھانہ ریس کورس میں مقدمہ درج کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ نذیر چوہان نے مذہبی حوالے سے ایسے بیانات دیے جس سے شہزاد اکبر کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔

پولیس نے جہانگیر ترین گروپ سے منسلک پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے نذیر چوہان کو آج گرفتار کیا تھا۔

دوسری جانب ايم پی اے نذير چوہان کی گرفتاری پر جہانگیر ترین ہم خیال گروپ نے تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ ان کی پیشی کے موقع پر سیاسی پاور کا مظاہرہ کرنے کا فيصلہ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل شہزاد اکبر نے اپنے خلاف متنازع بیان دینے پر جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے رکن قومی اسمبلی نذیر چوہان پر مقدمہ درج کرادیا تھا۔

ایف آئی آر میں شہزاد اکبر کی جانب سے کہا گیا کہ رکن قومی اسمبلی و پی ٹی آئی رکن نذیر چوہان نے نجی چینل میں ایک پروگرام کے دوران ان کے عقیدے سے متعلق جھوٹ پر مبنی الزام لگایا تھا۔

شہزاد اکبر نے نذیر چوہان کے خلاف ریس کورس میں مقدمہ درج کرتے ہوئے درخواست میں کہا تھا کہ ’میں باعمل مسلمان ہوں اور ختم نبوت پر ایمان رکھتا ہوں تاہم نذیر چوہان کا متنازع بیان جھوٹ پر مبنی ہے جس کے باعث ان کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے‘۔

ایف آئی آر کے مطابق مشیر نے مؤقف اختیار کیا کہ ’نذیر چوہان نے میرے مذہبی عقائد کو نقصان پہنچا کر میرے وقار، ملکیت اور جان کو خطرے میں ڈال دیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ نذیر چوہان نے مذہبی عقائد کو بنیاد پر بنا کر کرپشن کے خلاف میری گراں قدر خدمات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube