Wednesday, September 22, 2021  | 14 Safar, 1443

کراچی ساحل پرپھنسے بحری جہازکے ٹوٹنےکاخدشہ

SAMAA | - Posted: Jul 23, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Jul 23, 2021 | Last Updated: 2 months ago

جہاز18جولائی کراچی پہنچاتھا،لاکھوں لیٹر تیل موجود

کراچی کے ساحل پر زمین میں دھنسے دیوہیکل بحری جہاز میں لاکھوں لیٹر ڈیزل اور کنٹینرز لدے ہیں اور اس کی ٹوٹ پھوٹ کی صورت میں تیل رسنے کا خدشہ برقرار ہے۔

کے پی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کو نقصان پہنچنے کے امکان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ تفریحی مقام سی ویو پر پھنسا بحری جہاز ہانگ کانگ سے کراچی آیا اور یہاں سے اسے استنبول جانا تھا۔

ہینگ ٹانگ نامی یہ مال بردار جہاز 2 ہزار 250 ٹن وزنی ہے اور یہ عملے کی تبدیلی کے لیے 18 جولائی کو کراچی کی بندرگاہ آیا اور سمندر میں طغیانی اور تیز ہواؤں کے باعث ساحل کی طرف آجانے کے نتیجے میں پھنس گیا۔

کے پی ٹی حکام کے مطابق جہاز کو نکالنے اور سمندر میں واپس لے جانے کی ذمے داری ہینگ ٹانگ کی مالک جہاز راں کمپنی کی ہے اور جہاز کو ریسکیو اس کام کی ماہر کمپنی ہی کر سکتی ہے۔

جمعہ کو کے پی ٹی حکام نے نقصان کی صورت میں ساحل اور سمندر سمیت ماحولیات کو پہنچنے والے نقصانات سے بچنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا اور ان کا کہنا ہے کہ جہاز کو نقصان پہنچنے کا امکان نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور ایسی صورت میں تیل سمندر میں بہہ سکتا ہے۔

شپنگ ماہرین کے مطابق استنبول کی بندرگاہ تک پہنچنے کے لیے جہاز میں تقریباً 5 لاکھ لٹر ڈیزل موجود ہونا چاہیے۔ دوسری جانب ساحل پر پھنسے بحری جہاز کو دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد سی ویو آرہی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بحری جہاز کی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

بحری جہاز کے اطراف کے پی ٹی نے حفاظتی اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے جہاز کے چاروں طرف مخصوص باڑ لگادی گئی ہے۔ بوم کہلانے والے یہ تیرتے بیرئیرز تیل کو سمندر میں پھیلنے سے روکتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس باڑ کے باعث جہاز ٹوٹنے کی صورت میں اگر تیل بہتا ہے تو بوم تیل کو سمندر میں پھیلنے سے روک لے گا۔

کے پی ٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کی ذمہ داری نہ ہونے کے باوجود سمندر کو ممکنہ ماحولیاتی نقصان سے بچانے کے لیے اقدام کیے جا رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق جہاز سی ویو کے ساحل پر ایک سے ڈیڑھ میٹر زمین میں دھنس چکا ہے اور اگر یہ زیادہ دیر دھنسا رہا تو ٹوٹ سکتا ہے۔

مال بردار جہاز کی مالک کمپنی کی ایجنٹ بحریہ شپنگ لائن کمپنی نے سماء کو بتایا کہ اس کا ریسکیو کمپنی سے رابطہ ہوگیا ہے اور توقع ہے کہ ریسکیو ٹیم جلد پہنچ جائے گی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube