Wednesday, October 27, 2021  | 20 Rabiulawal, 1443

وزیر خارجہ کا افغان ہم منصب سے ٹیلیفون پر رابطہ

SAMAA | - Posted: Jul 19, 2021 | Last Updated: 3 months ago
Posted: Jul 19, 2021 | Last Updated: 3 months ago
Shah Mahmood

فوٹو: آن لائن

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر سے ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب کو 16جولائی کے واقعہ پر اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزارتِ خارجہ مروجہ سفارتی روایات سے بخوبی آگاہ ہے۔ پاکستان میں قائم، افغان سفارتخانے اور قونصلیٹ کی سیکیورٹی میں مزید اضافہ کر دیا گیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امید ہے افغان حکومت سفارتکاروں کو پاکستان سے بلانے کے فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔ افغانستان، پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

افغان وزیر خارجہ نے واقعے کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا جبکہ افغان سفارتکاروں کی سیکیورٹی بڑھانے سے متعلق کاوشوں پر شاہ محمود قریشی کی تعریف کی۔

دونوں وزرائے خارجہ کا دو طرفہ دلچسپی کے امور پر روابط جاری رکھنے پر اتفاق ہوا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ کے درمیان دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان سفیر

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے اغواء کے واقعے کے بعد افغانستان نے پاکستان سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا۔

افغان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث افغانستان اپنے سفیر اور دیگر سینیئر سفارت کاروں کو کابل واپس بلا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات ختم ہونے تک تمام سفیر کابل میں ہی رہیں گے۔ مطالبہ کیا کہ اغوا کاروں کی گرفتاری اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

دفتر خارجہ پاکستان

افغان حکومت کی جانب سے اپنا سفیر اور سفارتی عملہ واپس بلانے پر ردعمل دفتر خارجہ پاکستان نے فیصلے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مبینہ اغواء کے واقعے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ افغان سفیر، انکے اہلخانہ اور عملے کی سیکیورٹی کو مزید سخت کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ نے افغان سفیر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور اُمید ہے کہ افغان حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔

جمعہ 16جولائی کو اسلام آباد میں تعینات افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی خیل کی بیٹی کو نامعلوم افراد نے اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور کچھ گھنٹوں بعد چھوڑ دیا۔

خاتون کو پمز اسپتال میں داخل کیا گیا جبکہ پاکستان کی دفتر خارجہ نے واقعے کی تصدیق کی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube