Wednesday, September 22, 2021  | 14 Safar, 1443

ڈیرہ غازی خان:بس،ٹرک میں تصادم،34افراد جاں بحق

SAMAA | - Posted: Jul 19, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Jul 19, 2021 | Last Updated: 2 months ago

فوٹو ڈیجیٹل

ڈیرہ غازی خان میں بس اور ٹرک میں تصادم کے باعث 34 مسافر جاں بحق جبکہ 45 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پیر کو ہونے والے اس حادثے میں مسافر بس سیالکوٹ سے ڈیرہ غازی خان آرہی تھی کہ راستے میں حادثے کا شکار ہوگئی۔ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا ہے۔

ڈسٹرکٹ آفیسر ریسکیو ایمرجنسی ڈاکٹر نئیرعالم کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈیرہ غازی خان میں انڈس ہائی وے پر جھوک یار شاہ کے مقام پر پیش آیا۔ جہاں سیال کوٹ سے پنجاب کے ضلع راجن پور جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہوکر مخالف سمت سے آنے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ 10زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس کے بیشتر مسافر عید کی چھٹیوں پر اپنے آبائی گھر جارہے تھے۔جاں بحق ہونے والے 26 افراد کی لاشوں کو شناخت کے بعد ایمبولینسوں کے ذریعہ آبائی علاقوں کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر ڈاکٹر ناطق حیات غلزئی نے بتایا کہ بس کے حادثہ میں 27  افراد کی موت جائے وقوعہ پر ہی ہوگئی تھی جبکہ  دیگر 7 افراد ٹیچنگ اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ڈیرہ غازی خان میں ٹریفک حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں جانوں کا ضیاع بڑا سانحہ میرے لیے باعثِ صدمہ ہے، حادثے میں پیاروں کو کھونے والوں کےغم میں برابر کا شریک ہوں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے، حادثے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube