Sunday, September 19, 2021  | 11 Safar, 1443

والٹن ائیرپورٹ کےتربیتی طیاروں کو8ہفتےتک پروازوں کی اجازت مل گئی

SAMAA | - Posted: Jul 9, 2021 | Last Updated: 2 months ago
SAMAA |
Posted: Jul 9, 2021 | Last Updated: 2 months ago

عدالت نے لاہور کے والٹن ائیرپورٹ کے تربیتی طیاروں کو 8 ہفتے تک پروازوں کی اجازت دے دی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں جمعہ کو والٹن ایئرپورٹ مسماری کیلئے آرڈیننس کی قانونی حیثیت کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔جسٹس علی باقر نجفی نے ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستوں  پر سماعت کی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نےوالٹن ائیر پورٹ کے انفراسٹرکچرکی مریدکے، فیصل آباد اور سیالکوٹ منتقلی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔ درخواستوں میں وفاقی اور پنجاب حکومت، سول ایوی ایشن اتھارٹی اوردیگر کو فریق بنایا گیا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پنجاب حکومت نے والٹن ایئرپورٹ کی اراضی پر کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور 100 سالہ تاریخ کا حامل والٹن ایئر پورٹ گرانے کیلئے آرڈیننس بھی جاری کرد یا ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ حکومت کا عوام کے تحفظ کیلئےوالٹن ایئروڈروم دوسری جگہ منتقل کرنے کا جواز ناقابل فہم ہے۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب کثیر المنزلہ عمارتوں کی موجودگی کے باوجود فلائٹ آپریشن جاری رہنا حکومتی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے اوروالٹن ایئر پورٹ کی حیثیت تبدیل کرنے سے قبل درخواست گزاروں کو کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔

یہ بھی موقف اختیار کیا گیا کہ والٹن ایئر پورٹ پاکستان کیلئے ایک ورثے کی حیثیت رکھتا ہے اورتقسیم ہندوستان کے وقت قائد اعظم اسی ایئر پورٹ پر اترے تھے۔ والٹن ایئر پورٹ سے طیارے فیصل آباد ایئر پورٹ منتقل کرنے کا نوٹس بھی دے دیا  گیا ہے اور مریدکے میں نئے والٹن ایئروڈروم کی تعمیر سے متعلق کوئی حتمی تاریخ بھی نہیں بتائی گئی۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ لاہورسینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس آئین کے آرٹیکل 128 سے متصادم ہے۔والٹن ایئر پورٹ کی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے جاری آرڈیننس کو آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube