Wednesday, September 22, 2021  | 14 Safar, 1443

پیپلزپارٹی کی نسل پرست حکومت کو پہلانوٹس دیدیا، خالدمقبول صدیقی

SAMAA | - Posted: Jul 3, 2021 | Last Updated: 3 months ago
SAMAA |
Posted: Jul 3, 2021 | Last Updated: 3 months ago

سی پیک نہیں، سندھ حکومت کو پیک کرنا ہوگا، متحدہ

ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ حکومت کیخلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے جنوبی صوبہ سندھ کا مطالبہ کردیا۔ کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پیپلزپارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر اور صوبے پر مسلط نسل پرست حکومت کو پہلا نوٹس دیا جارہا ہے، بھٹو نے اِدھر ہم اُدھر تم کا نعرہ ملک توڑنے کیلئے لگایا، ہم یہی نعرہ آئینی مطالبے اور ملک کو مضبوط کرنے کیلئے لگا رہے ہیں، سی پیک سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، سندھ حکومت کو پیک کرنا ہوگا۔

ایم کیو ایم پاکستان نے حسن اسکوائر سے پریس کلب تک ’حقوق کراچی ریلی‘ کا انعقاد کیا۔ کراچی پریس کلب پر احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر ڈاکٹر فاروق نے پیپلزپارٹی اور سندھ حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا مقدمہ صحافت کے دروازے پر لیکر آئے ہیں، صحافت کے بعد عدالت اور پھر مقننہ کے پاس جائیں گے۔

 اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ آپ کی پہچان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے حق پرست کارکنان کا قافلہ اپنی منزل تک پہنچا ہے، یہ شہر اٹھ کھڑا ہوا ہے، حجت تمام ہوئی، اس شہر اور صوبے پر مسلط نسل پرست حکومت کو پہلا نوٹس دیا جارہا ہے، چند دن بعد سکھر، میرپور خاص،  حیدرآباد اور نوابشاہ کا قافلہ نکلے گا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم اس وقت سے پاکستانی ہیں جب پاکستان جغرافیے میں موجود بھی نہیں تھا، ہم اپنے حصے کا پاکستان ساتھ لے کر جناح کے پاکستان میں آئے تھے، ہم ارادی اور اختیاری پاکستانی ہیں، تم نے ہمیں 70ء کے پاکستان میں دھکیل دیا، جناح کے پاکستان میں کراچی سندھ کا حصہ نہیں تھا، ذوالفقار بھٹو کے پاکستان میں کراچی سندھ کا دارالخلافہ بنا، ہم بھٹو کے پاکستان کو نہیں جناح کے پاکستان کو مانتے ہیں، جناح کے پاکستان نے ترقی کا سفر شروع کیا جسے بھٹو کے پاکستان نے تباہ کردیا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر کا مزید کہنا تھا کہ تم (پیپلزپارٹی) نے سب سے پہلے تو ترقی، بینک، معیشت اور معاشرت کو قومیانے کے نام پر سندھ کو برباد کردیا، 72ء میں لسانی بل پیش کیا کوٹہ سسٹم رائج کرکے سندھ دو حصوں میں کردیا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ہم سندھ میں نہیں متروکہ سندھ میں آئے تھے، متروکہ سندھ ہندو سندھیوں کا تھا جو اب ہمارا ہے، ہندو سندھی ہمارے حصے کے ہند میں گئے، سندھ صوبہ سندھی صوبے میں بدل دیا گیا، پاکستان کی تقسیم سے پہلے سندھ میں 24 میونسپل کارپوریشنز تھیں جس میں سے 21 پر ہندو موجود تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی نے وفاق کو دس سالوں میں 6 ہزار 575 ارب روپے دئیے، جو کہ 60 ارب ڈالر بنتے ہیں، سی پیک سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، سندھ حکومت کو پیک کرنا ہوگا، کراچی کے گھٹنے ٹیکنے سے ملک زبوں حالی کا شکار ہوگا۔

ایم کیو ایم رہنماء نے کہا کہ کراچی میں موجود تمام سیاسی جماعتوں اور کارکنان کو دعوت دیتا ہوں کہ کراچی کے مقدمے میں ہمارا ساتھ دیں، سندھ کے شہری علاقوں کی تمام جماعتوں کو اس میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں، کراچی بے روزگار ہے، کراچی کا نوجوان تعلیم سے محروم ہے، کراچی کے تعلیمی اداروں کو بھی یرغمال بنالیا گیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے جماعت اسلامی کی جانب سے مردم شماری کے مطالبے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ اگر قوم کو صحیح گنوانا چاہتے ہیں تو ہمارے دروازے کھلے ہیں، ہر طرح کے حقوق سے محروم لوگوں کیلئے ہمیں سڑکوں پر نکلنا پڑا، ووٹ اگر فیصلہ نہیں کرے گا تو روڈ فیصلہ کرے گا، ہم آج متروکہ سندھ کی زمینوں پر قبضہ چھڑوانے کیلئے نکلے ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے جنوبی صوبہ سندھ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا آئین ضرورت پڑنے پر نئے صوبوں کو بنانے کی اجازت دیتا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ صوبے بنائے جائیں، ہم اپنے گھر کے پتوں پر اب جنوبی سندھ صوبہ لکھنا شروع کریں گے، بھٹو نے اِدھر ہم اُدھر تم کا نعرہ ملک توڑنے کیلئے لگایا، ہم یہی نعرہ آئینی مطالبے اور ملک کو مضبوط کرنے کیلئے لگا رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی حیدرآباد تو کجا لاڑکانہ میں بھی کچھ خرچ نہیں کیا، اس شہر کو پانی کی ایک ایک بوند کو ترسا دیا گیا، جعلی ڈومیسائل پر عدالتوں میں گئے آج تک انصاف نہیں ملا، شہر کا مقدمہ اب مقتدر حلقوں کے سامنے رکھ دیا، ہم نے عدالت، صحافت، مقننہ سارے راستے طے کئے، یہی راستہ منزل کی جانب جائے گا، اس راستے کو ہم نہیں چھوڑیں گے اسی پر منزل ہے، اب تو منزل کے نشان پاؤں سے ٹکراتے ہیں۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube