Sunday, October 24, 2021  | 17 Rabiulawal, 1443

ایک اور متنازع الیکشن فیڈریشن کے لیے خطرناک ہوگا،احسن اقبال

SAMAA | - Posted: Jun 26, 2021 | Last Updated: 4 months ago
SAMAA |
Posted: Jun 26, 2021 | Last Updated: 4 months ago

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے حکومتی ارادے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ایک اور متنازع الیکشن کا انعقاد فیڈریشن کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہوگا۔

سماء کے پروگرام ایجنڈا 360 میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قومی دھارے میں شامل بہت ساری تنظیمیں متنازع الیکشن سے انتہاء پسندی کے راستے پر جاسکتی ہیں اس لیے ہمیں ملک کے ساتھ یہ کھیل مزید کھیلنا چھوڑدینا چاہیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ الیکشن کے نظام کے بہت سارے اسٹیک ہولڈرز ہیں اس لیے جب تک سب کو اعتماد میں نہیں لیا جاتا الیکشن متنازع ہی ہوں گے جس سے ملک میں بحران پیدا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بھی سن 2018 الیکشن کے لیے طریقہ کار وضح کیا تھا مگر اس کے لیے ایک قومی اتفاق رائے پیدا کیا گیا تھا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت الیکشن قوانین میں یک طرفہ ترامیم چاہتی ہے اور اس میں تیزی اس وقت آئی جب حکومتی امیداواروں کو ملک بھر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت الیکٹرانک ووٹںگ مشین کے ذریعے دوبارہ الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے حالانکہ جرمنی اور فن لینڈ جیسے ممالک ان مشینوں کو ترک کر چکے ہیں۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے سادہ اکثریت سے آئین میں ترمیم کرکے آئین کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی ہے جس کی نشاندہی الیکشن کمشین نے بھی کر دی ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمای نہ کوئی مفاہمت کی پالیسی ہے اور نہ مزاحمت کی بلکہ ہماری جدوجہد ملک میں آئین کی حکمرانی کےلیے ہے۔
انہوں نے کہا کہ سن 1972 سے جمہوری حکومتوں کو نہیں چلنے دیا جاتا اور حکومتوں میں غیرضروی مداخلت کی جاتی ہے اس کھیل سے اب ہمیں نکل جانا چاہیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں پاکستان کو اقتصادی اور معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے تو ملک میں ایک مضبوط لیگل فریم ورک پروان چڑھانا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس بیانیے پر لوگوں کو متحرک کرنا ہے اور 4 جولائی سے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے دوبارہ عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے بیان کا مطلب یہ تھا کہ سب کو اپنے گروہی مفادات سے ہٹ کر ملک کے مفاد کے بارے میں سوچنا چاہیے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب عوامی رابطہ مہم شروع ہوگی تو اس میں مریم نواز بھرپور کردار ادا کریں گی۔ مریم نواز اور شہبازشریف کے درمیان چچا بھتیجی کے احترام کا رشتہ ہے تاہم پارٹی ووٹ بینک نوازشریف کا ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube