تمام پاکستانی عیدکادن چھوڑکرقضاروزہ رکھیں،مفتی منیب

SAMAA | - Posted: May 13, 2021 | Last Updated: 1 month ago
SAMAA |
Posted: May 13, 2021 | Last Updated: 1 month ago

روزہ سیاستدانوں کی مرضی پرقربان نہیں کرسکتے

مفتی منیب کا کہنا ہے کہ قوم عید کے بعد قضا روزہ رکھے اور اعتکاف کرنے والے بھی ایک روز اعتکاف کریں، جب کہ مفتی محمد غوث کا کہنا ہے کہ آج بروز جمعرات 13 مئی کو عید نہیں تھی مگر انتشار سے بچنے کیلئےعید کی نماز ادا کی گئی۔ 

مفتی منیب الرحمان نے بھی عید کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ حکومت نے انتشار سے بچنے اور یکجہتی کے اظہار کیلئے ایک ہی روز عید کا فیصلہ کیا۔ رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے پر میں پوری رات روتا رہا ہوں۔

مفتی منیب نے مزید کہا کہ ہماری میٹنگ میں کسی وزیر کی جرت نہیں تھی کہ وہ بیٹھے ، میں وصیت کرتا ہوں کہ تمام مسلمان ایک روزہ قضا رکھیں ، معتکف بھی روزے کی حالت میں ایک روز کا اعتکاف کریں۔

دوسری جانب اپنے ویڈیو پیغام میں صدر جمعیت علما پاکستان کراچی مفتی محمد غوث نے تمام پاکستانیوں سے کہا ہے کہ آپ لوگوں پر لازم ہے کہ آج کا دن چھوڑ کر ایک قضا روزہ رکھیں اور جو افراد اعتکاف میں بیٹھے تھے وہ بھی ایک دن کا اعتکاف مسجد میں کریں گے۔

مفتی غوث کے مطابق اہل سنت علما کا رات4 بجے تک اجلاس ہوا، جس میں طے کیا گیا کہ ایک قضا روزہ رکھا جائے گا اور حکومت پاکستان کے آج کے عید کے فیصلے پر مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں اجلاس بلا کر علما اہلسنت نہ صرف عید کے فیصلے بلکے آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی فیصلہ کریں گے۔

قبل ازیں دارالعلوم امجدیہ میں مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت اہم اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔ جس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید کے بعد روزے کی قضا ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں اسلامی مہینوں کے آغاز کا تعین کرنے کی ذمہ دار مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی نے بدھ کی رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے غیر متوقع طور پر ملک بھر میں جمعرات کو عید الفطر منائے جانے کا اعلان کیا۔

بدھ 12 مئی کی شام ماہِ شوال کا چاند دیکھنے کیلئے کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت ہوا۔ کمیٹی نے کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس کے بعد تقریبا ساڑھے 11 بجے اعلان کیا کہ انہیں قابلِ اعتبار شہادتیں موصول ہوئی ہیں جس کی بنا پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ جمعرات 13 مئی کو ملک میں عید الفطر منائی جائے گی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پاکستان کے سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے بدھ کی رات تقریباً 9 بجے ٹویٹ کی تھی کہ پاکستان میں آج چاند نظر آنا ممکن نہیں۔ اُنھوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ جن لوگوں نے عید سعودیہ کے ساتھ منانی ہے یہ اُن کا آپشن ہے۔

فواد

عید کے اعلان کے بعد وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ایک عید کا ’تحفہ‘ دیا ہے۔

پشاور کی مسجد قاسم علی خان جو ہر سال ایک دن پہلے رمضان کے آغاز اور عید الفطر منانے کے حوالے سے خبروں میں رہتے ہیں انہوں نے بھی جمعرات کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے بھی اس موقع پر رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب کو یاد کیا اور لکھا کہ ایک زمانے میں ایوب خان کی تصویریں ٹرکوں کے پیچھے لگی ہوئی ہوتی تھیں اور لکھا ہوتا تھا۔۔۔ تیری یاد آئی تیرے جانے کے بعد۔ کل کے بعد اب کہیں یہ بات مفتی منیب کی تصویر کے ساتھ نہ نظر آنا شروع ہو جائے۔

اسد عمر

واضح رہے  عید کے اعلان کے ساتھ ہی مفتی منیب الرحمان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بھی بنے رہے۔

WhatsApp FaceBook

One Comment

  1. Khurshid Anwar Khattak  May 15, 2021 2:20 pm/ Reply

    رات گئی بات گئی..
    اب مفتی منیب اپنی اہمیت جتانے کی کوشش کر رہا ہے. اس کی بات پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں.
    حکومت کمیٹی کا فیصلہ قاضی کا حتمی فیصلہ ہوتا ہے. انفرادی حیثیت کی ریاست میں کوئی گنجائش و وقعت نہیں.

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube