Monday, September 27, 2021  | 19 Safar, 1443

این اے 249:پیپلزپارٹی کےسواتمام جماعتوں کادوبارہ گنتی کابائیکاٹ

SAMAA | - Posted: May 6, 2021 | Last Updated: 5 months ago
Posted: May 6, 2021 | Last Updated: 5 months ago

کراچی میں این اے249 کے ضمنی انتخاب میں ڈالے جانے والے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا پیپلزپارٹی کے سوا تمام جماعتوں نے بائیکاٹ کردیا۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق حلقہ این اے 249 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے دوران 75ووٹ مسترد کیے گئے ہیں جن میں مسلم لیگ نون کے رہنماء مفتاح اسماعتل کے 23، تحریک انصاف کے امیدوار امجد آفریدی کے27، پیپلزپارٹی امیدوار قادر خان مندوخیل کے 25ووٹ مسترد ہوئے۔

الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ 23 پولنگ اسٹیشنز پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی مکمل کرلی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن میں ووٹوں کی گنتی کا عمل مقررہ وقت سے آدھا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔ابتدا میں 30 امیدواروں میں سے 16 امیدوار گنتی کے عمل میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر مسلم لیگ نون کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے کہا کہ امید ہے کہ یہ معاملہ یہیں حل ہوجائے گا اور خوشی ہےکہ ووٹوں کی گنتی دوبارہ ہورہی ہے۔

ووٹوں کی گنتی شروع ہونے کے آدھے گھنٹے بعد ہی پیپلزپارٹی کے سوا تمام سیاسی جماعتوں نے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کیا اور الیکشن کمیشن سے باہر نکل آئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ جب ووٹوں سے بھرا پہلا بیگ کھولا گیا تو وہ سیل نہیں تھا۔ جب سوال کیا گیا تو کہا گیا کہ سیل کہیں گر گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ بھی نہیں بتایا جارہا ہے کہ پولنگ کے لیے کتنے بیلٹ پیپرز آئے تھے اور کتنے استعمال کئے گئے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ دوبارہ گنتی میں فارم 46بھی نہیں دیا جارہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس جا کر دوبارہ احتجاج کریں گے۔ آر او کی جانب سے فارم 46 نہ دینا غیرقانونی ہے۔

ایم کیو ایم کے امیدوار سید مرسلین نے کہا کہ ایم کیوایم نے بھی دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ فارم 46 کے بغیر ووٹوں کی گنتی بے معنیٰ ہے۔پی ایس پی کے امیدوار حفیظ الدین نے کہا کہ ہمارے سامنے بیلٹ باکس بغیر سیل کئے رکھ رہے تھے اس لئے دوبارہ گنتی کا بائیکاٹ کیا گیا۔ پی ٹی آئی امیدوار امجد آفریدی نے بھی دوبارہ گنتی سے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ آراو ہمیں فارم46 دینے سے مسلسل انکاری ہے۔ کاؤنٹر فائلز اور ناقابل استعمال ووٹوں کے معائنے کی اجازت بھی نہیں دی جارہی ہے ، اس لئے آراو کے اس رویے پر تمام جماعتیں دوبارہ گنتی کابائیکاٹ کررہی ہیں۔

دو روز قبل چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے این اے249 میں دوبارہ ووٹوں کی گنتی کے لیے (ن) لیگ کے مفتاح اسماعیل کی درخواست پر سماعت کی تھی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد این اے 249 کراچی میں دوبارہ گنتی کی درخواست منظور کی تھی۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube