Saturday, September 25, 2021  | 17 Safar, 1443

مریض سڑکوں پرآنے کے بعدہی شاید ہم جاگیں، مظہرعباس

SAMAA | - Posted: Apr 24, 2021 | Last Updated: 5 months ago
SAMAA |
Posted: Apr 24, 2021 | Last Updated: 5 months ago

فوٹو : آن لائن

سینیئر صحافی و تجزیہ کار مظہرعباس کا کہنا ہے جب تک ہمیں یہ احساس نہیں ہوجاتا کہ یہ ماسک خود ہمارے اور ہمارے خاندان کی حفاظت کیلئے ہے تب تک حکومتی اقدامات سے صورتحال بہتر نہیں ہوسکتی، مریضوں کے سڑکوں پر آنے کے بعد ہی شاید ہم جاگیں۔

سماء کے پروگرام نیوزبیٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مظہرعباس نے کرونا کے حوالے سے عوام میں پائی جانے والی بے حسی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب ہمارے اسپتالوں میں جگہ کم پڑ جائے گی اور لوگ سڑکوں پر پڑے ہوں گے تب شاید ہمیں معاملے کی سنگینی کا احساس ہوجائے۔

مظہرعباس کا کہنا تھا کہ ضرورت اس بحث کی ہے کہ آیا ہم قوم ہیں بھی یا نہیں لیکن فی الوقت تو ایسا معلوم دیتا ہے کہ ہم ایک بے ہنگم ہجوم ہیں جسے آپ تھوڑی دیر کے لیے پابند تو کرسکتے ہیں لیکن اس کے اس کا رویہ وہی ہوگا جو اس کی فطرت ہے۔

سینیئر تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ ہم صرف اس وقت ٹریفک سگنلز پر گاڑی روکتے ہیں جب ہم دیکھتے ہیں کہ  سامنے پولیس والے کھڑے ہیں ورنہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہم ریڈ سگنل کو کراس کرلیں یہ ہے ہمارا مجموعی رویہ ہے۔

مظہرعباس کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ایک ہفتے کا لاک ڈاؤن کرکے دیکھنا چاہیے تھا کیوں کہ 2  ہفتوں بعد تو صورتحال مزید گمبھیر ہوجائے گی پھر لاک ڈاؤن کا کیا فائدہ ہوگا۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل ریٹائرڈ اعجازاعوان نے کہا کہ حکومت نے آگاہی کی حد تک تو اپنا حق ادا کردیا ہے لیکن عوام خود پر کوئی پابندی لگانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

کرونا ایس اوپی پرعملدرآمد کے لیے فوج سے مدد لینے کے حکومتی فیصلے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ فوج کا کام پولیسنگ نہیں ہے، فوج دور دراز علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے تو مفید ثابت ہوسکتی ہے لیکن موجودہ حکومتی فیصلے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

اعجازاعوان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں کرونا کا کوئی خوف نہیں رہا جب تک عوام خود احتیاط نہیں کریں گے تب تک تمام اقدامات کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایس او پی پر عملدرآمد ریاست کی ذمہ داری ہے لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ عید کی چھٹیاں حتم کرے اور ریلوے میں صرف 30 فیصد مسافروں کو سفر کی اجازت دے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube