سینیٹ انتخابات: یوسف رضا گیلانی نے حفیظ شیخ کو ہرادیا

SAMAA | - Posted: Mar 3, 2021 | Last Updated: 1 month ago
Posted: Mar 3, 2021 | Last Updated: 1 month ago

حفیظ شیخ اور یوسف رضا کے درمیان سخت مقابلہ

سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے حکومتی اتحاد کے حفیظ شیخ کو شکت دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔ غیرسرکاری نتائج کے مطابق یوسف رضا گیلانی کو 169 اور حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے۔ دوسری نشست پر تحریک انصاف کی فوزیہ ارشد کامیاب قرار پائی ہیں۔

واضح رہے کہ اپوزیشن کے قومی اسمبلی میں 160 ارکان ہیں۔ یوسف رضا گیلانی کو بقیہ 9 ووٹ حکومتی ارکان نے دیے ہیں۔ حفیظ شیخ کی درخواست پر دوبارہ گنتی بھی کرائی گئی مگر یوسف رضا گیلانی دوبارہ کامیاب قرار پائے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے اعلان کیا ہے کہ پانچ ووٹ کا فرق ہے۔ تحریک انصاف اس نتیجے کو چیلنج کرے گی۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ انتخابات میں ’تاریخی‘ جیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ثابت ہوگیا جعلی وزیراعظم اکثریت کھوچکے۔ جعلی وزیراعظم کو آج فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہیئے۔ سلیکٹڈ اپنے ہی ارکان کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ آج ہمارے موقف کی تصدیق ہوگئی کہ 2018 کا مینڈیٹ جعلی تھا۔

مریم نواز نے یوسف رضا گیلانی کی فتح پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا- اپنے ہی لوگوں نے دباؤ کے باوجود آٹا چور، چینی چور، بجلی چور، ووٹ چور اور عوام کے مجرم عمران خان کو ووٹ دینے سے انکار کر دیا۔ تمھارے پاس اب وزیر اعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ ووٹ چور کرسی چھوڑ‘

بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کی جیت پر مختصر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جمہوریت بہترین انتقام ہے۔‘

دوسری جانب صوبوں سے غیر سرکاری نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

اسلام آباد سے تحریک انصاف اور پی ڈی ایم کو ایک، ایک، پنجاب سے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کو پانچ، پانچ، مسلم لیگ ق کو ایک، سندھ سے پیپلز پارٹی کو 7، تحریک انصاف کو 2، متحدہ قومی موومنٹ کو 2، بلوچستان سے باپ پارٹی کو 7، جمعیت علمائے اسلام کو 2، عوامی نیشنل پارٹی کو ایک، بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کو 2، خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف کو 10، باپ پارٹی کو ایک اور عوامی نیشنل پارٹی کو بھی ایک نشست ملی ہے۔

بلوچستان

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سینٹ کی سات جنرل نشستوں میں سے پانچ  بلوچستان عوامی پارٹی کے سرفراز بگٹی، پرنس آغا عمر احمد زئی، منظور کاکڑ، اتحادی جماعت اے این پی کے نوابزادہ عمر فاروق کاسی اور بی اے پی، پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ عبدالقادر نے حاصل کیں۔

ٹیکنو کریٹ کی ایک نشست پر بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سعید احمد ہاشمی کامیاب ہوئے۔ اقلیت کی ایک نشست بلوچستان عوامی پارٹی کے دنیش کمار نے حاصل کی جبکہ خواتین کی ایک نشست بھی بلوچستان عوامی پارٹی کی ثمینہ ممتاز نے حاصل کی۔

اپوزیشن جماعتوں کو چار سیٹیں ملیں۔ دو جنرل نشستوں پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے قاسم رونجھو اور جے یو آئی کے مولانا عبدالغفور حیدری نے کامیابی حاصل کی۔ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر جے یوآئی کے کامران مرتضیٰ اور خواتین کی ایک نشست پر بلوچستان نیشنل پارٹی کی نسیمہ احسان نے کامیابی حاصل کی۔

بلوچستان سے سینیٹ کی کل بارہ نشستوں پر الیکشن ہوئے جن میں جنرل کی سات، خواتین، ٹیکنو کریٹ کی دو دو اور اقلیت کی ایک نشست شامل تھی۔

سندھ

سندھ میں سینیٹ کی جنرل، خواتین اور ٹیکنوکریٹ سمیت کل 11 نشستوں پر انتخابات ہوئے جس کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب امیدواروں اور حاصل کردہ ووٹوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔

جنرل نشستیں

شیریں رحمان،  پیپلز پارٹی، 22 ووٹ

جام مہتاب ڈہر، پیپلز پارٹی، 19 ووٹ

سلیم مانڈوی والا، پیپلز پارٹی، 20 ووٹ

تاج حیدر، پیپلز پارٹی ، 20 ووٹ

شہادت اعوان، پیپلز پارٹی، 19 ووٹ

فیصل سبزواری، ایم کیو ایم، 22 ووٹ

فیصل واوڈا، تحریک انصاف، 20 ووٹ

خواتین کی نشستیں

پلوشہ خان، پیپلز پارٹی، 60 ووٹ

خالدہ اطیب، ایم کیو ایم، 57 ووٹ

ٹیکنو کریٹ نشستیں

فاروق ایچ نائیک، پیپلز پارٹی، 61 ووٹ

سیف اللہ ابڑو، تحریک انصاف، 57 ووٹ

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف کو 10، باپ پارٹی کو ایک اور عوامی نیشنل پارٹی کو بھی ایک نشست ملی ہے۔

جنرل نشستوں پر پی ٹی آئی کے ذیشان خانزادہ، شبلی فراز، فیصل سلیم، لیاقت خان ترکئی، محسن عزیز اور اپوزیشن کے ہدایت اللہ کامیاب ہوئے۔ جنرل نشست کا ایک ووٹ مسترد ہوا۔ کامیابی کے لیے تقریبا 19 درکار تھے۔

خواتین کی نشستوں پر پی ٹی آئی کی فلک ناز اور ثانیہ نشتر کامیاب ہوئی۔ اقلیت پر پی ٹی آئی کے گردیپ سنگھ کامیاب ہوگئے۔

ٹیکنو کریٹ کی دونوں سیٹوں پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر ہمایون مہند اور دوست محمد محسود کامیاب ٹھہرے۔ خیبرپختونخوا سے دو آزاد ارب پتی امیدوار ناکام ہوگئے۔

پولنگ کا وقت خت، گنتی جاری

سینیٹ انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد الیکشن کمیشن کے عملہ نے ووٹوں کی گنتی شروع کردی ہے۔ قومی اسمبلی میں پریزائیڈنگ آفیسر ( چیف الیکشن کمشنر) نے اس موقع پر پولنگ کا وقت ختم ہونے کا اعلان کیا۔

ایوان بالا کے انتخابات کیلئے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے پولنگ جاری رہی۔ اس دوران، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور قومی اسمبلی کے ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ پنجاب میں تمام جماعتوں کے سینیٹرز بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں۔

بلوچستان اسمبلی کے تمام 65 ارکان نے ووٹ استعمال کیا۔ سندھ اسمبلی کے 168 میں سے 167 نے ووٹ ڈالا جبکہ جماعت اسلامی کے رکن عبدالرشید نے اپنا حق رائے دہی استعمال نہیں کیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کے 145 ارکان میں سے 130 ارکان نے ووٹ ڈالا جبکہ دیگر ارکان پہنچ نہ سکے۔

قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن عبدالاکبر چترالی نے اپنا ووٹ استعمال نہیں کیا۔ باقی تمام ارکان نے ووٹ ڈالے۔

ملک میں سینیٹ انتخابات کی 37 نشستوں کے لیے پولنگ خفیہ رائے شماری کے تحت جاری ہے۔ پنجاب میں تمام سینیٹرز بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضاگیلانی اور حکمران جماعت پی ٹی آئی کے امیدوار حفیظ شیخ کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔

قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 9 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اسلام آباد میں ووٹنگ کیلئے 2 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کا عملہ پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ہے۔ ارکان اسمبلی اور صحافیوں کے موبائل پولنگ بوتھ کے اندر لے جانے پر پابندی ہے۔

تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واؤڈا نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا جبکہ وفاقی وزیر شہریار آفریدی کا ووٹ ضائع ہوگیا۔ انہوں نے دوبارہ ووٹ کے لیے درخواست کی۔

سینیٹ انتخابات:آصف زرداری کا پہلا بیلٹ پیپرضائع،دوبارہ جاری کیاگیا

پیپزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی ووٹ ڈالنے قومی اسمبلی پہنچے تاہم  ہاتھ کی کپکپاہٹ کے باعث پہلی مرتبہ ووٹ ضائع ہوا۔ آصف زرداری نے ریٹرننگ افسر کو بیلٹ پیپر دوبارہ جاری کرنے کی درخواست کر دی جس کے بعد انھیں دوبارہ بیلٹ پیپر جاری کر دیا اور انھوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

الیکشن کمیشن نے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو خبردار کیا ہے کہ امیدواروں کے لیے ریٹائرمنٹ اور انتخابی مہم کا وقت ختم ہوچکا ہےاور اب کسی نے مہم چلائی تو کرپٹ پریکٹسز کے تحت کارروائی ہوگی۔

شہريار آفريدی کا ووٹ ضائع ہونے پر وزیراعظم برہم

انتخابی عمل میں بدعنوانی و بےقائدگی روکنے کے لیے ویجیلنس کمیٹی اور خصوصی مانیٹرنگ سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر، نیب، اسٹیٹ بینک اور نادرا کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بدعنوانی سے متعلق معلومات فراہم کرے گی جبکہ بوقت ضرورت انکوائری بھی کرسکتی ہے۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی رائے پر من وعن عمل کےعزم کا اعادہ کرتےہوئےواضح کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ووٹنگ پرانےطریقہ کار کے تحت خفیہ ہی ہوگی۔

سینیٹ کے آئندہ الیکشن میں ٹیکنالوجی کےاستعمال کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے الیکشن کمیشن نے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو 4 ہفتے میں اپنی سفارشات جمع کرائے گی۔

سینیٹ:صوبوں، اسلام آباد کےنمائندوں کی تعداد،مدت

واضح رہے کہ قومی اسمبلی ميں تو ہر صوبے کو آبادی اور رقبے کے لحاظ سے سيٹيں ملتی ہيں ليکن ايوان بالا يا سينيٹ ميں تمام صوبائی اکائيوں کو مساوی نمائندگی دی گئی ہے يعنی سینیٹ میں ہر صوبے کے تئیس تئیس ارکان ہوتے ہيں جن ميں سے 14 عمومی ارکان، 4 خواتين، 4 ٹيکنوکريٹ اور ايک اقليتی رکن ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں سینیٹ میں اسلام آباد سے 4 ارکان ہوتے ہيں جن ميں سے 2عمومی ايک خاتون اور ايک ٹيکنوکريٹ نشست رکن کی نشست ہوتی ہے۔

سینیٹ میں پارٹی پوزیشن،حال اور مستقبل

سینیٹر کی آئینی مدت 6 برس ہے اور ہر 3 برس بعد سینیٹ کے آدھے ارکان اپنی مدت پوری کرکے ریٹائر ہوجاتے ہیں اور ان کی جگہ نئے اراکین منتخب ہوکر آتے ہیں۔ فاٹا کے انضمام کے بعد اس بار 48 نشستوں پر اليکشن ہو رہے ہيں۔

سينيٹ کے 52 اراکين اپنی 6 سالہ مدت پوری کرنے کے بعد 11 مارچ کوريٹائر ہورہے ہيں۔ پی ٹی آئی کے کے 14 سینیٹرز ہیں جن میں سے 7 ریٹائر ہوجائیں گے.

پیپلز پارٹی کے8 سینیٹرز ریٹائر ہو رہے ہیں اور اسے6 سیٹوں پر کامیابی کی امید ہے جس کے بعد اس کی نشستیں21 سے کم ہوکر19 رہ جائیں گی اور وہ سینیٹ میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت بن جائے گی۔

سینیٹ انتخابات کے بعد مسلم ليگ اپوزيشن کي سب سے بڑی پارٹی کے اعزازسے محروم ہوجائے گی اس کے 9 سينيٹرز ريٹائرہورہے ہيں اور پنجاب سے 5 سيٹوں پرکاميابی کے بعد اس کے اراکين کی تعداد 17 ہوجائے گی۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube