ایک پولیس اہلکار زخمی
کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں غیرقانونی تعمیرات کیخلاف ایس بی سی اے اور پولیس کے آپریشن کے دوران مشتعل افراد کے تشدد سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگيا۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم غیر قانونی تعمیرات کی شکایات پر ایکشن لینے کیلئے لیاقت آباد پہنچی تھی۔
پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے اور پولیس کی ٹیم پہنچی تو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد آئے اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
مشتعل افراد نے عملے پر اچانک حملہ کیا، خواتین اور نوجوانوں نے پولیس اہلکار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، خواتین پولیس اہلکاروں کو بھی دھکے دیئے گئے۔
واقعے کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شہریوں، پولیس اور ایس بی سی اے حکام کے درمیان ہاتھا پائی ہورہی ہے، ايک گھنٹے تک کشیدگی کے بعد عملہ آپريشن کئے بغير واپس چلا گيا۔