Thursday, September 23, 2021  | 15 Safar, 1443

کراچی،فرسٹ ایئر کی طالبہ کا گینگ ریپ، دو ملزمان گرفتار

SAMAA | - Posted: Feb 12, 2021 | Last Updated: 7 months ago
SAMAA |
Posted: Feb 12, 2021 | Last Updated: 7 months ago

کراچی پولیس نے فرسٹ ایئر کی طالبہ کا گینگ ریپ کرنے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔

تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں ایک شہری نے گزشتہ روز پولیس کو رپورٹ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ خود سرکاری اسکول کے ہیڈماسٹر ہیں جبکہ ان کی 16 سالہ بیٹی گلشن حدید کے ایک کالج میں فرسٹ ایئر کی طالبہ ہے جو 9 فروری کو معمول کے مطابق صبح 8 بجے کالج گئی مگر دوپہر کو وقت پر گھر نہیں پہنچی۔

شہری نے بتایا کہ انہوں نے اپنے طور پر تلاش شروع کردی اور پولیس کو بھی اطلاع دی۔ اس دوران پولیس سے اطلاع ملی کہ ان کی بیٹی ڈیفنس تھانے کے اہلکاروں کو نیم بے ہوشی کی حالت میں ملی ہے۔ انہوں نے تھانے پہنچ کر بیٹی کو اسپتال منتقل کیا اور طبی امداد کے بعد اس کے حواس بحال ہوئے تو اس نے ماجرا بتا دیا۔

متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ وہ چھٹی کے وقت کالج سے باہر نکلی تو ایک کار رک گئی اور اس میں موجود ملزم سمیع نے اسے بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ بٹھالیا جس میں ایک اور شخص فواد بھی بیٹھا ہوا تھا، اس کے بعد وہ ہوش میں نہ رہی۔

پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں لڑکی نے بتایا کہ ملزمان اسے نامعلوم مقام پر لے گئے اور وہاں 4 افراد نے اس کا ریپ کیا اور حالت غیر ہونے پر سڑک کنارے پھینک کر فرار ہوگئے۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان سمیع اور فواد کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ وہ دیگر ملزمان کو سامنے آنے پر پہچان سکتی ہیں۔

کیس سے وابستہ ایک افسر نے سماء ڈیجیٹل کو بتایا کہ متاثرہ لڑکی اور ملزمان کے ڈٰین این اے ٹیسٹ ہوچکے ہیں جبکہ ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے انوسٹی گیشن ٹیم کے سپرد کردیا گیا ہے۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube