Wednesday, December 8, 2021  | 3 Jamadilawal, 1443

فیصل آباد میں مافوق الفطرت واقعات نےگھروالوں کودہلادیا

SAMAA | - Posted: Jan 28, 2021 | Last Updated: 10 months ago
SAMAA |
Posted: Jan 28, 2021 | Last Updated: 10 months ago

لوگوں نے جنات کی کارروائی قرار دیدیا

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے قاری صاحب کے گھر میں ان دنوں کچھ عجیب و غریب واقعات رونما ہو رہے ہیں اور یہ ایسے ہیں جنہیں کچھ لوگ جنات کی کارروائیاں اور کچھ وہم کا نتیجہ قرار دے سکتے ہیں۔

رضا آباد کے علاقے میں رہنے والے قاری اسحاق نے سماء کو بتایا کہ کچھ عرصہ قبل ایک رات ان کے گھر میں کچھ آوازیں آنی شروع ہوئیں جو اس طرح کی تھیں جیسے کوئی اخروٹ توڑ رہا ہو یا دیوار میں کیل ٹھونک رہا ہو لیکن وہ جب بھی گھر اور باہر کا جائزہ لیتے تو انہیں ایسا کرتا کوئی نظر نہیں آتا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دوسری رات بھی وہی کچھ ہوا اور ان کے بیوی بچے بھی جاگ گئے، تاہم انہوں نے بچوں کو سلا دیا اور پھر بچوں کی اسکول کی چھٹیوں کے پیش نظر بعد میں اہل خانہ کو اپنے گاؤں بھیج دیا۔

قاری اسحاق کا کہنا تھا کہ وہ گھر میں اکیلے تھے کہ رات انہوں نے دیکھا ان کے فریج کا دروازہ کھلا پڑا ہے اور اس کا سارا سامان باہر صحن میں بکھرا ہوا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے فریج کا بٹن آف کردیا لیکن تھوڑی دیر بعد پھر یہ ہوا کہ فریج خود بخود آن ہوگیا اور اس کا سارا سامان بھی خود بخود ہی فریج کے اندر پہنچ گیا۔

اس کے اگلے روز کا واقعہ سناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ سونے جا رہے تھے کہ انہیں واشنگ مشین چلنے کی آواز سنائی دینے لگی جس پر انہوں نے وہاں جاکر تھوڑا دور سے دیکھا تو مشین کا تار سوئچ میں لگا نہ ہونے کے باوجود وہ چلے جارہی تھی لیکن جب وہ تھوڑا نزدیک گئے تو واشنگ مشین خود بخود آف ہوگئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگلے روز وہ پڑھانے جانے والے تھے اور اپنے کپڑوں پر استری شروع کرنے ہی والے تھے کہ دورازے پر دستک ہوئی وہ گئے تو وہاں تو کوئی موجود نہیں تھا لیکن جب واپس کمرے میں آئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ وہاں رکھی شلوار تو مکمل طور پر جبکہ قمیض آدھی استری ہوچکی ہے۔

یہ معاملہ دیکھ کر قاری اسحاق کے منہ سے اس وقت بے ساختہ نکلا کہ اگر خدمت کا اتنا شوق ہے تو میرے لیے ناشتہ بھی بنا دیتے۔ ان کے ایسا کرنے سے خیر ناشتہ تو حاضر نہیں ہوا لیکن اس طرح کی کارروائیاں کچھ دنوں کے لیے موقوف ضرور ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے اپنے بیوی بچوں کو گاؤں سے واپس بلالیا لیکن پھر عجیب و غریب واقعات کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا جو پہلے سے زیادہ دہلادینے والا تھا۔

قاری اسحاق نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ گھر کی چھت پر کبھی اینٹیں پٹخنے اور کبھی سامان پھینکنے کی آوازیں آنے لگتیں۔ کبھی یوں لگتا کہ کوئی بار بار گھر کی سیڑھیاں چڑھ اتر رہا ہو اور کبھی دروازہ کھٹکھٹانے بلکہ اسے بری طرح جھنجھوڑنے کی آوازیں آتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی باتوں نے گھر کے تمام افراد کو خوفزدہ کردیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ جب بھی گھر کے باہر جاتے ہیں تو ان کا بوجھ تھوڑا ہلکا ہوجاتا ہے لیکن گھر والوں کی کیفیت بہر حال عجیب ہی رہتی ہے۔ یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے اور قاری اسحاق کے مطابق وہ لوگ اس کے تدارک کے لیے کچھ پڑھنا پڑھانا بھی کر رہے ہیں لیکن فی الحال مکمل افاقہ نہیں ہوا ہے۔

نوٹ: سماء ڈیجیٹل کا مقصد صرف گردش کرنے والی اس خبر کو اپنے قارئین تک پہنچانا تھا۔ ہمارا مطمع نظر ایسے معاملات کی تائید یا تردید کرنا ہرگز نہیں۔

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube