قانون کی خلاف ورزی پر رعایت نہیں ہوگی،ریلوے حکام
لاہور میں ٹک ٹاک بنانے کے جنون میں 2 نوجوان ریلوے کی حدود میں قانون کی خلاف ورزی کر بیٹھے، جس کے باعث انہیں حوالات کا منہ دیکھنا پڑگیا۔
ریلوے حکام کے مطابق ٹک ٹاک ویڈیو بناکر لائیکس حاصل کرنے کے جذبے سے سرشار 2 نوجوانوں اسرار اور زوہیب نے ریلوے پھاٹک بند کردیا جو کہ ایک جرم ہے۔
دونوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایسے ہی ویڈیو بنانے کی غرض سے پھاٹک بند کردیا تھا اور وہ یہ بات نہیں جانتے تھے کہ ایسا کرکے وہ کسی جرم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ محکمے کی حدود میں قانون کی خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی ریلوے نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس رائیونڈ میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔