Sunday, October 24, 2021  | 17 Rabiulawal, 1443

وزیراعظم نے ایف9 پارک کےعوض سکوک بانڈزکااجرامستردکردیا

SAMAA | - Posted: Jan 26, 2021 | Last Updated: 9 months ago
SAMAA |
Posted: Jan 26, 2021 | Last Updated: 9 months ago

فائل فوٹو

وزیراعظم عمران خان نے آج ہونے والے کابینہ کے اہم اجلاس میں اسلام آباد کے ایف 9 پارک کو سکوک بانڈز کے اجرا کے عوض گروی رکھنے کی سمری مسترد کردی۔

اسلام آباد میں 26 جنوری بروز منگل کو کابینہ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم عمران خان نے کی۔ آج ہونے والے اجلاس میں وزارت خزانہ کی جانب سے ایف 9 پارک کو سکوک بانڈز کے اجرا کے عوض گروی رکھنے کی سمری مسترد کردی ہے۔

اجلاس میں شرکا سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایف 9 پارک کو گروی نہیں رکھا جائے گا۔ سرکاری املاک کے عوض قرضے نہیں لیے جائیں گے۔

اس موقع پر اراکین کابینہ کا وزیراعظم سے کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ میں معاملہ آنے سے پہلے میڈیا پر غلط معلومات پھیلائی گئیں۔ کابینہ میں سمری پر بات نہیں ہوئی اور میڈیا پر فیصلہ بھی کروا دیا گیا۔ واضح رہے کہ اطلاعات کے مطابق وزارت خزانہ نے ایف 9 پارک کے عوض سکوک بانڈز اجرا کی سمری بھجوائی تھی۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اسلام آباد کے میئر عادل گیلانی نے تجویز کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع بھی کیا تھا۔ میئر اسلام آباد کی جانب سے ہائی کورٹ اسلام آباد میں گزشتہ روز 25 جنوری بروز پیر درخواست دائر کی گئی تھی۔

اسلام آباد کا ایف 9 پارک پورے سیکٹر کے رقبے پر مشتمل ہے۔ یہ وسیع و عریض خوبصورت پارک 750 ایکٹر کے رقبے پر محیط ہے، جس سے وفاقی دارالحکومت کی خوبصورت میں اضافہ ہوتا ہے۔ گروی رکھنے سے متعلق خبریں میڈیا میں آنے پر شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی اس تجویز پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

 

WhatsApp FaceBook
تازہ ترین
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube