Friday, January 15, 2021  | 30 Jamadilawal, 1442
ہوم   > پاکستان

پاکستان آن لائن یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ کی میزبانی کریگا

SAMAA | - Posted: Jan 12, 2021 | Last Updated: 3 days ago
SAMAA |
Posted: Jan 12, 2021 | Last Updated: 3 days ago

دنیا کی پہلی بین الاقوامی آن لائن یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ پاکستان کے زیر اہتمام 22 جنوری 2021 سے منعقد ہو رہی ہے جس میں پانچ براعظموں کے 16 ممالک کے 96 کھلاڑی حصہ لیں گے۔

اس بات کا اعلان پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر یوتھ پروگرام طارق پرویز نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

اس موقع پر پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن اور دوا ساز ادارے فارم ایوو کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے جس کے تحت دونوں ادارے اسکریبل کے کھیل کے فروغ کے لیے تعاون کریں گے۔

منتظمین کے مطابق چیمپئن شپ کا پہلا مرحلہ 22 سے 24 جنوری، دوسرا 30 سے 31 جنوری جبکہ تیسرا اورآخری مرحلہ 6 سے 7 فروری تک ہوگا۔ حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کی عمریں 18 سال سے کم ہیں۔

اسکریبل کی عالمی تنظیم ویسپا نے اس چیمپیئن شپ کی میزبانی کے لئے پاکستان کا انتخاب کیا ہے۔ کوویڈ 19 کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر چیمپیئن شپ کا انعقاد پہلی مرتبہ آن لائن ہوگا۔

پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چیمپیئن شپ کو اسپانسر کررہی ہے اسی وجہ سے اس ایونٹ کو گلیڈی ایٹرز ویسپا یوتھ کپ کا نام دیا گیا ہے جب کہ دوا ساز ادارہ ٹورنامنٹ کے لیے جگہ اور دیگر تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

ٹیکنیکل ڈائریکٹر ولی محمد خبیب کی سربراہی میں انتہائی ماہر ٹیکنیکل ٹیم چیمپیئن شپ کا انعقاد کرے گی۔ ویسپا نے پاکستان کے حسان ہادی خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔ چیمپیئن شپ کی پوری انتظامی ٹیم کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔

پہلی بار یہ چیمپیئن شپ انفرادی کے بجائے ٹیم فارمیٹ کے تحت کھیلی جائے گی۔ تمام ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جو راونڈ رابن لیگ کی بنیاد پر ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی۔ ہر گروپ کی ٹاپ 2 ٹیمیں کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

کراچی میں واقع چیمپیئن شپ وینیو پر انتظامی عملے کے لیے اسکریبل کا کمرہ، کمنٹری باکس اورہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اورمانیٹرنگ آلات کے ساتھ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ ٹیکنیکل ٹیم ویب کیم کے ذریعے تمام گیمز کی نگرانی کرے گی اور چند منتخب میچز کو کمنٹری کے ساتھ لائیو اسٹریم بھی کیا جائے گا۔

دنیا کے بہترین اسکریبل کمنٹیٹرز امریکا کے ول اینڈرسن اورجیسے ڈے انگلش کمنٹری کریں گے جبکہ پاکستانی شائقین کیلئے اردو میں کمنٹری کے فرائض وسیم کھتری اور دانیال ثناء اللہ انجام دیں گے۔

پاکستان چیمپیئن شپ جیتنے کیلئے فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے۔ ایونٹ کیلئے پاکستان کی 6 رکنی ٹیم کا اعلان 17 جنوری کو کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے موقع پرایونٹ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر حسان ہادی خان، ٹیکنیکل ڈائریکٹر ولی محمد خبیب، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نمائندے فراز مقبول اور ٹورنامنٹ کے اسپانسر ادارے کے ڈائریکٹر کمرشل منصور خان بھی موجود تھے۔

WhatsApp FaceBook

آپ کے تبصرے :

Your email address will not be published.

متعلقہ خبریں
WhatsApp FaceBook
 
 
 
مقبول خبریں
مقبول خبریں
 
 
 
 
 
Facebook Twitter Youtube